dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

عدالتی ریکارڈ کو ادھورے تناظر میں پیش کرنا انتہائی غیر مناسب ہے،ترجمان الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے جسٹس (ر)سید منصور علی شاہ کے ایک غیر ملکی ٹی وی انٹرویو میں انتخابی معاملات سے متعلق دیے گئے مو¿قف کو بنیادی آئینی و قانونی حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی ریکارڈ کو منتخب حوالوں اور ادھورے تناظر میں پیش کرنا انتہائی غیر مناسب ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 2023 کے انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو جسٹس (ر)منصور علی شاہ کی جانب سے چار، تین کا فیصلہ قرار دینا درست نہیں اور ان کا مو¿قف سپریم کورٹ کے حتمی فیصلوں کے برعکس ہے۔ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستان تحریک انصاف کو 30 جون 2021 تک اپنے انٹرا پارٹی انتخابات کرانا تھے، تاہم پارٹی مقررہ قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کو انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے تین مواقع فراہم کیے گئے، لیکن وہ اپنے پارٹی آئین اور قانون کے مطابق انتخابات نہ کرا سکی۔ترجمان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 215(5) کے تحت پی ٹی آئی انتخابی نشان حاصل کرنے کے لیے نااہل قرار پائی، جس کے نتیجے میں اس کا انتخابی نشان واپس لیا گیا۔ سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو قانونی تقاضوں کے مطابق قرار دیتے ہوئے برقرار رکھا، جبکہ نظرثانی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے تقریبا پانچ سال بعد انٹرا پارٹی انتخابات کرائے، تاہم ان انتخابات کی کارروائی تاحال الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے، کیونکہ پارٹی نے خود متعلقہ ہائی کورٹ سے حکم امتناع حاصل کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آج بھی الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت کے طور پر موجود ہے۔مخصوص نشستوں کے حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ نشستیں صرف ان سیاسی جماعتوں کو مل سکتی ہیں جو بطور جماعت عام انتخابات میں حصہ لیں اور انتخابات سے قبل امیدواروں کی ترجیحی فہرست جمع کرائیں۔ پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے لیے کوئی ترجیحی فہرست جمع نہیں کرائی تھی، اس لیے وہ ان نشستوں کی اہل نہیں تھی۔ترجمان کے مطابق آزاد امیدوار مخصوص نشستوں کے حق دار نہیں ہوتے، جبکہ مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے سیاسی جماعت کا کم از کم ایک عام نشست جیتنا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 51 اور 106 سمیت الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 104 میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کا طریقہ کار واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابی معاملات سے متعلق کسی بھی مو¿قف کو آئینی دفعات، انتخابی قوانین اور سپریم کورٹ کے حتمی فیصلوں کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More