علامہ اقبال کا تصورِ خودی علم، محنت اور مضبوط کردار سے پروان چڑھتا ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال? کے 149ویں یومِ ولادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی عزت، حقوق اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی طاقت کا احساس دلایا۔ ان کی شاعری آزادی، مساوات اور باعزت زندگی کے حصول کی جدوجہد کا پیغام دیتی ہے، جو پوری انسانیت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایسے معاشرے کا خواب دیکھا تھا جہاں دولت، مراعات اور خاندانی حیثیت کسی انسان کی قدر یا اسے ملنے والے مواقع کا تعین نہ کریں۔ ان کی شاعری نے استحصال کے خلاف آواز بلند کی، غریبوں کو ان کے حقوق اور مقام کا احساس دلایا اور محنت کش طبقے کی عزت و وقار کو اہمیت دی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ اقبال کا مساوات پر مبنی معاشرے کا تصور ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ایسا پاکستان تعمیر کیا جائے جہاں مزدور کو اس کی محنت کا پورا معاوضہ ملے، کسان اپنی محنت کا ثمر حاصل کرے اور ہر بچے کو خاندانی حالات، جنس یا مذہب سے قطع نظر تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔صدر مملکت کے مطابق علامہ اقبال کے اس تصور کی بنیاد فلسف? خودی ہے، جس کا مطلب اپنی ذات پر اعتماد، زندگی کے واضح مقصد اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے۔ خودی علم، محنت، ہمت اور مضبوط کردار سے پروان چڑھتی ہے۔ جو شخص اپنے عزت و وقار کا احساس رکھتا ہے، اسے دوسروں کی عزت کا احترام بھی کرنا چاہیے۔ یہی اصول قوموں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی خودداری کا تقاضا ہے کہ پاکستان آزادانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھے، اپنی صلاحیتوں کو فروغ دے اور دوسری قوموں کے ساتھ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات قائم کرے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے نزدیک علامہ اقبال کے تصور پر عمل کرنے کا مطلب ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں غربت کسی شہری کی عزت و وقار کو کم نہ کرے، کسی بچے کا مستقبل اس کے خاندانی پس منظر کی وجہ سے محدود نہ ہو اور پاکستانی قوم دنیا کی دیگر اقوام کے درمیان اعتماد اور خودداری کے ساتھ اپنا مقام پیدا کرے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری میں ایشیا کے بیدار ہونے کا طاقتور پیغام بھی موجود ہے۔ اقبال نے ایشیا کے عوام کو محکومی سے نکلنے، اپنا اعتماد بحال کرنے اور اپنے مستقبل کی تعمیر خود کرنے کی ترغیب دی۔ آج ایشیا میں ایک نئے دور کے آغاز کے تناظر میں ان کا یہ پیغام مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔صدر مملکت کے مطابق ایشیا کی ترقی صرف معاشی خوشحالی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس میں بھوک کا خاتمہ، علم و ترقی کے مواقع تک رسائی اور قوموں کی خودمختاری کا احترام بھی شامل ہونا چاہیے۔ پاکستان کو تعلیم، سائنسی ترقی، علاقائی تعاون اور امن کے ذریعے اس خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ عام لوگوں کو بااختیار بنانے کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا مسلسل حصہ رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ان طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جنہیں قومی فیصلوں میں شرکت اور آگے بڑھنے کے مواقع حاصل نہیں تھے۔ انہوں نے قومی زندگی میں عام شہریوں کی شمولیت کے حق کو تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو مضبوط بنا کر، تمام شہریوں کے مساوی حقوق کا تحفظ یقینی بنا کر اور ترقی کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا کر اس جمہوری روایت کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے یومِ اقبال کے موقع پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کی شاعری سے تحریک حاصل کریں، سوال کرنے اور تحقیق کا جذبہ پیدا کریں اور اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ خودی کو علم پر مبنی اعتماد، قومی خودداری کو پاکستان کی ترقی اور مضبوطی کے عزم، جبکہ محنت اور مساوات کے نظریے کو روزمرہ زندگی میں انصاف کے عملی مظاہرے میں تبدیل کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق یہی علامہ اقبال کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے اور پاکستان کے عہد کی تکمیل کا راستہ ہے۔
