dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

علامہ اقبال کی ادبی خدمات برصغیر کی تاریخ کا روشن باب ہیں‘ظہور بلیدی

صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے 9 نومبر یومِ ولادتِ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کی فکری و ادبی خدمات برصغیر کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں بیداری، خودداری، اتحاد اور جدوجہد کا جذبہ پیدا کیا اور نوجوان نسل کو ایک باوقار اور خودمختار مستقبل کا تصور دیا۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی آج بھی ہماری قومی زندگی کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ ان کا پیغام ہمیں علم، تحقیق، محنت، خود اعتمادی اور عملی جدوجہد کی طرف راغب کرتا ہے۔ بالخصوص نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم، شعور، جدید مہارتوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔ علامہ اقبال کا پیغام بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بھی حوصلے، امید اور آگے بڑھنے کا درس دیتا ہے۔ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان تعلیم اور علم و ہنر کے میدان میں آگے بڑھیں اور قومی ترقی کے عمل میں بھرپور حصہ لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، باصلاحیت نوجوانوں اور بے شمار مواقع سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقبال کے تصورِ خودی، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کو اپناتے ہوئے صوبے میں ترقی، تعلیم اور خوشحالی کے نئے راستے ہموار کیے جائیں۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ یومِ اقبال ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم علامہ اقبال کے افکار و نظریات کو اپنی عملی زندگی میں اپناتے ہوئے ایک تعلیم یافتہ، متحد، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More