گوادر ‘مولانا ہدایت الرحمان کاسوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کا دورہ
گوادر10 نومبر ۔: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ گوادر کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محکمے کے دفتری امور اور مستحق و خصوصی افراد کے لیے جاری امدادی پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میرجان سے ملاقات کی اور کمک پروگرام کے تحت مستحق افراد کی فہرستوں کی تیاری، خصوصی افراد کی رجسٹریشن اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ کمک پروگرام کے تحت مستحقین کی فہرستیں تکمیل کے مراحل میں ہیں، جبکہ خصوصی افراد کے لیے ای بائیکس، وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات کی فراہمی سے متعلق فہرست سازی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ متعلقہ فہرستیں جلد اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیں گی تاکہ امدادی سہولیات کی فراہمی کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہدایت کی کہ مستحق اور خصوصی افراد کی درست نشاندہی کرتے ہوئے تمام ضروری کارروائی جلد مکمل کی جائے تاکہ سرکاری امداد حقیقی حقداروں تک بروقت پہنچ سکے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فلاحی منصوبوں پر مو¿ثر عملدرآمد اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ معاشرے کے مستحق اور خصوصی افراد بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
