dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

طویل جدوجہدکے نتیجے میں سرکاری یونیورسٹیز کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ، گورنر بلوچستان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہماری طویل جدوجہد، مسلسل نگرانی اور موثر اقدامات کے نتیجے میں صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیز کی مجموعی کارکردگی میں ڈبل اضافہ ہوا ہے۔ جو یونیورسٹیاں ماضی میں مالی و تعلیمی بحرانوں سے دوچار تھیں آج الحمدللہ تعلیمی استحکام کی جانب گامزن اور مالی طور پر سرپلس کی پوزیشن میں پہنچ چکی ہیں جو ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان کو صوبے کی پہلی مادرِ علمی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ مختصر عرصے میں اس کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ 44 فیصد سے بڑھ کر 82 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو ادارے کی انتظامی، تعلیمی اور تحقیقی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے۔ قومی تعمیر و ترقی میں جامعہ بلوچستان کا سب سے بڑا سرمایہ اسکے فارغ التحصیل گریجویٹس ہیں جن میں متحرک قائدین، ممتاز اسکالرز، ریسرچرز اور مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد شامل ہیں، یہی پاکستان اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بلوچستان کے 22ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران 24 پی ایچ ڈی اسکالرز، 29 ایم فل گریجویٹس اور بی ایس پروگرام کے 58 پوزیشن ہولڈر طلباءو طالبات کو گولڈ میڈلز اور اسناد سے نوازا گیا۔ کانووکیشن میں صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی، پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، ہادیہ نواز، کلثوم نیاز بلوچ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر رزاق شاہوانی، صوبائی محتسب جسٹس (ر) سعادت اللہ خان بازئی، تمام سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، بوائز و گرلز کالجز کے پرنسپلز، ماہرینِ تعلیم و ریسرچ اور دیگر معزز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے تمام کامیاب اسکالرز اور گریجویٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات ان کی مسلسل محنت، علمی لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا اعتراف ہیں۔ آج وہ اپنی زندگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہم صنعتی انقلاب کے چوتھے دور میں زندگی گزار رہے ہیں، جہاں ٹیکنالوجی نے طبعی، ڈیجیٹل اور حیاتیاتی دنیا کے درمیان نئی ہم آہنگی پیدا کر دی ہے۔ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدت و اختراع نے ترقی کے روایتی تصورات کو تبدیل کر دیا ہے اور اقوام کی ترقی کے نئے راستے متعین کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں محض ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ عملی مہارت، بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت، تخلیقی سوچ، جدت پسندی اور مضبوط اخلاقی کردار ہی وہ خصوصیات ہیں جو نوجوانوں کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہیں۔ علم اسی وقت حقیقی طاقت بنتا ہے جب اسے عملی زندگی کے مسائل حل کرنے اور معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے۔ نئی نسل کی فکری و علمی تربیت اور جامعہ کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اگر ہم اپنے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو مستقبل کی ترقی میں ہمارا حصہ یقینی ہوگا۔ بلوچستان کے عوام سی پیک اور ابھرتی ہوئی علاقائی معیشت کے سب سے پہلے اور بڑے مستفید ہونے والوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم، اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو محض ڈگریاں دینے کے بجائے بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق علم، ہنر اور عملی صلاحیتوں سے آراستہ کریں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان نہ صرف قدرتی حسن بلکہ بے پناہ انسانی صلاحیتوں، قدرتی وسائل اور غیر معمولی جغرافیائی و تزویراتی اہمیت کا بھی حامل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس صوبے کو ایک منفرد جغرافیائی محلِ وقوع عطا کیا ہے۔ بحیرہ? عرب کے ذریعے بلوچستان وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایک اہم تجارتی اور معاشی گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، جس کا مرکز گوادر ہے، محض ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ مواقع، معاشی امکانات اور علاقائی روابط کے ایک نئے دور کا دریچہ ہے۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے فارغ التحصیل طلباءو طالبات پر زور دیا کہ وہ یاد رکھیں کہ وہ صرف جامعہ بلوچستان کے سفیر نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بھی ہیں۔ اپنی زندگی کے مقاصد کے حصول کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور اپنے علم و صلاحیتوں کو محض ذاتی کامیابی تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں معاشرے اور ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک بہتر پاکستان کی تشکیلِ نو کا ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول میں نوجوانوں کا کردار فیصلہ کن ہوگا۔ پاکستان کا مستقبل محض ماضی کی روایات سے وابستہ نہیں بلکہ نوجوانوں کی فکر، محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی جدوجہد سے تشکیل پائیگا۔ گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی بلوچستان کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون و رہنمائی کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے یونیورسٹی بلوچستان کے کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کو مختلف نوعیت کے بحرانوں سے نکالنے، انہیں تعلیمی و تحقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور ان کیلئے مختص فنڈز میں 2 ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے تک اضافہ کرنے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور انکی پوری کابینہ کا کلیدی کردار رہا ہے۔وائس چانسلر یونیورسٹی بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کہا کہ ان کی ٹیم نے مسلسل جدوجہد، عزم اور محنت کے ذریعے اپنی یونیورسٹی میں ہر سطح پر مثبت تبدیلیاں متعارف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے مشکل حالات اور شدید مالی بحران سے نکال کر یونیورسٹی بلوچستان کو سرپلس کی پوزیشن میں لانے میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے چانسلر و گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور انکی متعلقہ ٹیموں کے بھرپور تعاون اور سرپرستی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More