سکیورٹی فورسز نے مستونگ میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے،شاہد رند
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا ہے کہ مستونگ میں قومی شاہراہ 25-N پر کنڈوا پوسٹ کے قریب بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مو¿ثر جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے بڑے حملے کی بزدلانہ کوشش کی تاہم مستعد سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔انہوں نے بتایا کہ افسوسناک واقعے میں دو شہری شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، دھماکے کے نتیجے میں قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کا بلوچستان کے عوام اور ان کی روایات سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگردوں کے ایسے بزدلانہ حملے ان کے عوام دشمن کردار اور مذموم عزائم کا ثبوت ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کے ذریعے ایک بڑے حملے کے منصوبے کو ناکام بنایا۔
