dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

غزہ ، امدادی سامان کی ترسیل میں تاخیر ناقابل قبول ہے،اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ہنگامی امدادی رابطہ کار ٹام فلیچر نے غزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کو امداد کی فراہمی میں رکاوٹ نہ بنایا جائے،اقوام متحدہ کے مطابق ٹام فلیچر نے کہا کہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور شراکت داروں نے امداد کی یقین دہانی کرائی، تاہم اب اسرائیلی انتخابات اور نئی حکومت کی تشکیل تک پیش رفت مخر کرنے کی بات کی جا رہی ہے، جو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت قابل قبول جواز نہیں۔انہوں نے کہا کہ سرد موسم اور شدید طوفانوں کے باعث غزہ میں خیموں میں مقیم ہزاروں افراد کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، جبکہ مناسب رہائش، گرم کپڑوں، کمبلوں، بستر اور محفوظ ہیٹنگ کے انتظامات کی بروقت فراہمی سے اس صورتحال سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے تمام سرحدی گزرگاہیں کھولنے، امدادی تنظیموں کو کام کی اجازت دینے اور امدادی منصوبے کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا، عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او)نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں روزگار پر مبنی بحالی کے منصوبے کے لیے عالمی شراکت داروں سے مالی معاونت بڑھانے کی اپیل کی ہے۔ ادارے کے مطابق غزہ میں 2023 کی تیسری سہ ماہی سے 2025 کی اسی مدت کے دوران 252,000 ملازمتیں ختم ہوئیں، بے روزگاری کی شرح 85.1 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ محنت سے حاصل ہونے والی آمدن میں 2.77 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے کہا کہ ہر ختم ہونے والی ملازمت کے ساتھ ایک فرد، خاندان اور اس کا مستقبل متاثر ہوتا ہے۔ ادارے کے بحالی پروگرام کے تحت ہنگامی روزگار، کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور سماجی تحفظ کے اقدامات جاری ہیں، جن کے ذریعے گزشتہ تین سال میں تقریبا ایک لاکھ 30 ہزار یومیہ اجرت کے کام کے مواقع پیدا کیے گئے جبکہ 30 ہزار سے زائد بزرگوں اور معذور افراد تک سماجی امداد پہنچائی گئی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More