پاکستان کی خارجہ پالیسی پ±رامن بقائے باہمی کے اصولوں پر استوار ہے، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے معدنیاتی ترقی کو ایک اہم قومی معاشی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پ±رامن بقائے باہمی، خودمختار مساوات اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کے اصولوں پر استوار ہے، پاکستان معدنیات کی تلاش اور سرمایہ کاری کیلئے ایک مسابقتی اور قابلِ اعتمادمقام کے طور پر مواقع فراہم کرتا ہے، ملک میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، بہتر پالیسیوں اور عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے معدنیات کے شعبہ کو مزید ترقی دی جاسکتی ہے۔جمعرات کو یہاں” پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 “سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہماری منزل پاکستان کے معدنی وسائل کو ذمہ دارانہ انداز میں ترقی دینا، صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانا، برآمدات میں تنوع پیدا کرنا، صوبوں ومقامی آبادیوں کو بااختیار بنانا اور عالمی معدنیاتی معیشت میں پاکستان کو ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر منوانا ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ساٹھ سے زائد ممالک کی شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان کی معدنیاتی صلاحیتوں میں بین الاقوامی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور اس شعبے میں دیرپا شراکت داریوں کے قیام کے ہمارے عزم پر اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد پر وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن)، او جی ڈی سی ایل، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور تمام متعلقہ شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارتِ خارجہ اور ہمارے سفارتی مشنز نے بین الاقوامی شرکت کو یقینی بنانے اور پاکستان میں معدنیاتی سرمایہ کاری کے مواقع کو ممکنہ سرمایہ کاروں سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 محض ایک سرمایہ کاری کانفرنس نہیں بلکہ یہ اس عالمی تبدیلی کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے کے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے جو صاف توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور جدید صنعتی پیداوار کے شعبوں میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے معاشی سفر کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے، گزشتہ دو برسوں کے دوران ہم نے مالیاتی نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور محتاط مالیاتی انتظام کے ذریعے اپنے اہم معاشی اشاریوں کو مستحکم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ معدنی وسائل کو ترقی دینا ہماری معاشی تبدیلی کے اگلے مرحلے کا ایک بنیادی جزو ہے، اس سے برآمدات میں تنوع پیدا ہوگا، صنعتی بنیاد مضبوط ہوگی، طویل المدتی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور عوام کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے وسیع اور متنوع ذخائر سے مالا مال ہے، ملک کے مغربی حصے میں ٹیتھان میٹَلوجینِک بیلٹ کے ساتھ تانبے اور سونے کے ذخائر کی صلاحیت خصوصی اہمیت کی حامل ہے، ہمارے وسیع تر ارضیاتی خطے میں لوہے کی دھات، کرومائٹ، سیسہ اور زنک کے علاوہ کوئلہ، سنگِ نمک، سنگِ مرمر، جپسم، قیمتی پتھر اور دیگر صنعتی معدنیات بھی موجود ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ریکوڈک کا تانبے اور سونے کا منصوبہ اس موقع کی وسعت کو نمایاں کرتا ہے، بیرک گولڈ، پاکستان کے وفاقی سرکاری اداروں اور حکومتِ بلوچستان کی مشترکہ شراکت داری اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح بین الاقوامی مہارت، قومی شمولیت اور صوبائی ملکیت کو یکجا کرکے ایک بڑے اور طویل المدتی سرمایہ کاری منصوبے کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے، اس منصوبے کی اہمیت صرف اس کے معدنی ذخائر کی وسعت تک محدود نہیں، یہ دیرپا تعاون، ادارہ جاتی تسلسل اور تجارتی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جس کی بنیاد متعلقہ عوام اور مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچانے کے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری امنگیں انفرادی منصوبوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ ان میں معدنیات کی پوری ویلیو چین کے مکمل عمل کو شامل ہونا چاہیے، ہمارا مقصد محض معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں بلکہ پاکستان میں ان کی پراسیسنگ، صفائی اور صنعتی پیداوار کی صلاحیت کو بتدریج فروغ دینا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد کیلئے کان کنی، ٹیکنالوجی، پراسیسنگ کی سہولیات، توانائی، نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری درکار ہے، اس سے انجینئرنگ، آلات، خصوصی خدمات اور صنعتی پیداوار کے شعبوں میں پاکستانی کاروباری اداروں کیلئے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف توانائی، الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں میں توانائی ذخیرہ کرنے اور جدید ٹیکنالوجیز کی جانب عالمی منتقلی نے تانبے اور دیگر اہم معدنیات کی قابلِ اعتماد فراہمی پر انحصار میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک جب اپنے ذرائعِ رسد میں تنوع پیدا کررہے ہیں اور زیادہ مستحکم عالمی سپلائی چینز تشکیل دے رہے ہیں تو پاکستان معدنیات کی تلاش اور سرمایہ کاری کیلئے ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد منزل کے طور پر مواقع فراہم کرتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئینی ڈھانچہ وفاق اور صوبوں کے درمیان شراکت داری کو ناگزیر قرار دیتا ہے، صوبے اس قومی کوشش میں بنیادی شراکت دار ہیں اور ان کے آئینی اختیارات اور معدنی وسائل پر ان کی ملکیت کا احترام کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قومی سطح پر رابطہ کاری، سرمایہ کاری میں سہولت، پالیسیوں میں ہم آہنگی اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے معدنی مستقبل کا ایک مرکزی ستون ہے، ہم اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ اس کے قدرتی وسائل کی ترقی صوبے کی معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود میں بامعنی کردار ادا کرے، ہمارا معدنیاتی ترقی کا ایجنڈا خیبر پختونخوا اور معدنی وسائل سے مالا مال شمالی علاقوں تک بھی پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کان کنی کے منصوبے کو اپنی حدود سے باہر بھی مواقع پیدا کرنے چاہئیں، مقامی روزگار کی فراہمی، ہنرمندی کی ترقی، سپلائی چینز میں پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری اداروں کی ترقی ہمارے معدنیاتی ترقی کے ایجنڈے کے لازمی اجزا ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مقامی آبادی نہ صرف ان منصوبوں میں فعال طور پر شریک ہو بلکہ ان کے فوائد سے بھی مستفید ہواور ان کے ذرائع معاش، روایات اور ثقافتی ورثے کا مکمل احترام کیا جائے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا بھی اس مستقبل میں اہم حصہ ہے، کان کنی کی کمپنیوں، پاکستانی جامعات اور تکنیکی اداروں کے درمیان شراکت داریاں قائم کرکے ماہرینِ ارضیات، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو جدید معدنیاتی صنعت کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جاسکتا ہے، اسی طرح ماحولیاتی تحفظ اور ذمہ دارانہ نگرانی بھی نہایت اہم ہے، ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی اصولوں پر مبنی ذمہ دارانہ طریقہ کار جس میں زمین اور آبی وسائل کا تحفظ، کارکنوں کی حفاظت اور کان کنی کے مقامات کی بحالی شامل ہے ایک کامیاب معدنیاتی صنعت کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کو ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، ہم ایسی صنعت کے خواہاں ہیں جو بین الاقوامی معیار پر پورا اترے اور ایسی خوشحالی پیدا کرے جو کسی کان کی عملی عمر ختم ہونے کے بعد بھی برقرار رہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قومی قیادت، ادارہ جاتی سہولت کاری اور پالیسی اصلاحات کے ذریعے اس وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں معدنیاتی ترقی کو ایک اہم قومی معاشی ترجیح کا درجہ دیا گیا ہے، پیداواری، برآمدات پر مبنی اور سرمایہ کاری سے تقویت پانے والی معیشت کا ان کا وڑن پاکستان کی غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، صنعتی استعداد کو مضبوط بنانے اور ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے پر زور دیتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بھرپور کردار کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کے قومی سرمایہ کاری سہولت کاری کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی معدنیاتی پالیسی مربوط معدنیاتی ترقی کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتی ہے، ہم پالیسیوں میں ہم آہنگی، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور سرمایہ کاری کے ماحول میں استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پ±رعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انویسٹمنٹ پالیسی 2023 سرمایہ کاروں کے تحفظ، مساوی سلوک اور قابلِ اطلاق قوانین و ضوابط کے مطابق سرمایہ، منافع اور منافعِ حصص کی واپسی کیلئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے، ہم اس سلسلہ میں مو¿ثر سرمایہ کاری سہولت اور تنازعات کے حل کیلئے مناسب طریقہ کار وضع کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ہم نے وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مو¿ثر بنایا ہے، اس کا ون ونڈو نظام مختلف حکومتی اداروں کے درمیان معاملات کو حل کرنے اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو سہولت فراہم کرنے میں معاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے ایک مستحکم، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست منزل بنانا ہے اور پاکستان کے بین الاقوامی روابط اس قومی کوشش کا ایک اہم حصہ ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی پ±رامن بقائے باہمی، خودمختار مساوات اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کے اصولوں پر استوار ہے، وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے میں نے اقتصادی سفارت کاری کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل رکھا ہے، ہم اپنے بین الاقوامی تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے ٹھوس مواقع میں تبدیل کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دیرینہ تزویراتی اور باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری صنعتی اشتراک اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے، امریکہ کے ساتھ اقتصادی روابط کو وسعت دینے سے نجی سرمایہ کاری، جدت اور تجارتی تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات سرمایہ کاری کے روابط کو مزید گہرا کرنے کیلئے ایک اہم بنیاد فراہم کرتے ہیں، ترکیہ، آذربائیجان، وسطی ایشیائی ممالک اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ تعاون ہمارے ان بین الاقوامی روابط کو مزید وسعت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے تمام خطوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور کان کنی کی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، ہمارا مقصد ایسی شراکت داریاں قائم کرنا ہے جو تجارتی بنیادوں پر مستحکم ہوں، باہمی اعتماد، قومی قوانین و ضوابط کے احترام اور طویل المدتی مشترکہ فوائد پر استوار ہوں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایسی بین الاقوامی شراکت داریوں کے خواہاں ہیں جو صرف سرمایہ ہی فراہم نہ کریں بلکہ ٹیکنالوجی، مہارت، افرادی قوت کی تربیت اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع بھی لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 بامعنی مکالمے، تکنیکی تبادلہ خیال، مالی وسائل کے حصول کے مواقع تلاش کرنے اور کاروباری اداروں و سرکاری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، معدنیات کی تلاش سے وابستہ کمپنیوں، کان کنی کے اداروں اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ تمام مواقع کا جائزہ لینے اور طویل المدتی تعاون کیلئے عملی راستے تلاش کرنے کی غرض سے متعلقہ اداروں، نجی شعبے اور پاکستان کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے ان دو دنوں کے بعد بھی اس عمل میں سرگرم رہیں گے تاکہ ان مذاکرات کو آگے بڑھایا جاسکے اور ٹھوس تجاویز کو عملی شکل دینے میں سہولت فراہم کی جاسکے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان، تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر اس قومی منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے مکمل طور پر پ±رعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے اعتماد کا جواب ادارہ جاتی عزم، مو¿ثر سہولت کاری اور مستحکم ماحول کے ذریعے دینے کیلئے پ±رعزم ہیں جہاں ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ وسائل امکانات پیدا کرتے ہیں، سرمایہ کاری مواقع پیدا کرتی ہے لیکن ادارے شراکت داریاں اور عوام ہی ان امکانات کو دیرپا خوشحالی میں تبدیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی کا اصل پیمانہ وہ صنعتیں ہوں گی جو ہم قائم کریں گے، وہ مہارتیں ہوں گی جو ہم ترقی دیں گے، وہ کاروباری ادارے ہوں گے جو ہم تعمیر کریں گے اور سب سے بڑھ کر وہ زندگیاں ہوں گی جن میں ہم بہتری لائیں گے، یہی وہ مستقبل ہے جس کی تعمیر کیلئے پاکستان پ±رعزم ہے۔
