پاکستان اور ترکمانستان کا توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق، ٹاپ منصوبے کی تکمیل کےلئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ
پاکستان اور ترکمانستان نے علاقائی توانائی تعاون، بجلی کی ترسیل کے نظام کو وسعت دینے اور اہم ٹرانسمیشن منصوبوں کی تکمیل کے لیے باہمی اشتراک مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ترکمانستان کے وزیر توانائی اناگیلدی ساپاروف سے ملاقات میں ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان (ٹاپ) پاور ٹرانسمیشن منصوبے کو عملی شکل دینے، کاسا-1000 منصوبے میں علاقائی شمولیت بڑھانے اور گوادر کی مستقبل کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ توانائی تعاون، علاقائی گرڈ کنیکٹیویٹی اور ٹاپ منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ترکمان وزیر توانائی کو کاسا-1000 منصوبے کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تاجکستان اور کرغزستان کو بھی کاسا-1000 ٹرانسمیشن لائن ازبکستان اور ترکمانستان تک توسیع دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں مستقبل کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر ایران اور ترکمانستان باہمی اشتراک سے ایرانی گرڈ کے ذریعے گوادر کو بجلی کی فراہمی بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔اویس لغاری نے تجویز دی کہ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے توانائی ماہرین پر مشتمل مشترکہ گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے جو ایران کے راستے بجلی کی ترسیل بڑھانے کے تکنیکی اور معاشی امکانات کا جائزہ لے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی توانائی منڈیوں کے انضمام اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ٹاپ اور کاسا-1000 منصوبوں کی کامیابی کے لیے معاشی اور مالیاتی پہلوو¿ں کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت بجلی کی پیداوار میں سرپلس رکھتا ہے اور ملک میں مسابقتی توانائی منڈی متعارف کرانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کاسا-1000 منصوبے کو یکطرفہ کے بجائے دوطرفہ بنانے سے اس کی معاشی اور مالیاتی پائیداری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔اویس لغاری نے مزید بتایا کہ ٹاپ منصوبے کے سات بنیادی ڈیٹا سیٹس میں سے تین پاکستان فراہم کر چکا ہے، جبکہ ترکمانستان کی جانب سے بھی مطلوبہ معلومات کے تبادلے میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ تکنیکی ورکنگ گروپس کا اجلاس جلد منعقد کیا جائے تاکہ چند ہفتوں میں منصوبے کے حوالے سے واضح روڈ میپ مرتب کیا جا سکے۔ ترکمانستان کے وزیر توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ٹاپ پاور ٹرانسمیشن منصوبے کی تکمیل کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے خطے کے 30 کروڑ سے زائد افراد کو بجلی فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ترکمانستان افغانستان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے، جبکہ افغانستان سے کوئٹہ تک تقریباً 1,150 کلومیٹر طویل منصوبے کے باقی ماندہ مراحل اور فزیبلٹی کا جائزہ تکنیکی ورکنگ گروپ لے گا۔ترکمان وزیر توانائی نے یقین دہانی کرائی کہ ترکمانستان مطلوبہ ڈیٹا جلد فراہم کرے گا اور وہ ٹاپ منصوبے سے متعلق امور کو ذاتی نگرانی میں حل کرانے کے لیے اقدامات کریں گے۔ملاقات میں تکنیکی مسائل کے حل، فزیبلٹی اسٹڈی کی تکمیل اور منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کے فوکل پرسنز کے درمیان باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات کو پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان علاقائی توانائی روابط کے فروغ اور مستقبل میں بجلی کی ترسیل کے نئے امکانات پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
