امن کے فروغ کیلئے پاکستان اور ایران میں قریبی ہم آہنگی کی ضرورت ہے ، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیتے ہوے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی کی ضرورت ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی ایرانی وفد نے 16 نومبر کو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور بدلتی ہوئی جیوپولیٹیکل پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایران کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور ایران خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
