پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے،محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور فریقین کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے سفارتی محاذ پر اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
