پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں، عطاءاللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے بلاول بھٹوزر داری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے،اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے،آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس کی کوئی گنجائش نہیں. نیب کے اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے، صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا،جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہئے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہاکہ ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔
