تنازع کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے، عباس عراقچی
تہران، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری تنازع کا حل نہ فوجی کارروائی میں ہے اور نہ ہی مزید پابندیاں عائد کرنے میں، بلکہ مسئلے کا واحد پائیدار راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔تہران میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں اور ناظم الامور سے ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا ماضی میں جنگ اور سفارت کاری، دونوں راستے آزما چکا ہے، تاہم پابندیوں کے ذریعے نئے طریقے اختیار کرنے سے بھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق جنگ کے خاتمے اور ایران کے خلاف جاری جارحیت کو روکنے کے لیے منصفانہ، مساوی اور باوقار بنیادوں پر مذاکرات کے ذریعے سفارتی حل تلاش کرنا ضروری ہے۔امریکی جانب سے ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے حوالے سے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران امید کرتا ہے کہ امریکا دانش مندی اور عقلمندی کا راستہ اختیار کرے گا، تاہم اگر دوبارہ فوجی راستہ اپنایا گیا تو ایران اپنے دفاع کے لیے پہلے سے زیادہ تیار ہے اور ضروری اقدامات کرے گا۔عباس عراقچی کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے امکانات بھی زیرِ بحث ہیں۔
