گندم بحران، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی،وزیر اعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت کا اعلان صوبوں سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد جلد کیا جائے گا، حکومت کی کوشش ہے کہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ ملے اور صارفین کو سستی گندم دستیاب ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور گندم کی بوائی سے پہلے اس کی مناسب قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسان فصل کی کاشت سے متعلق بہتر فیصلے کر سکیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی زراعت کی ترقی، کسانوں کو سہولیات کی فراہمی، غذائی تحفظ، گندم کی قیمت کے تعین اور زرعی و مویشیوں کی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یہ شعبہ پاکستان کو مختصر مدت میں معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت زرعی شعبے کی بہتری اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، جدید زرعی مشینری اور پانی کے مو¿ثر استعمال کے لیے ضروری آلات اور تکنیکی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت دلانا ضروری ہے تاکہ ان کی آمدن میں اضافہ ہو اور زرعی پیداوار کو فروغ مل سکے۔گندم کی قیمت کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایسا متوازن فیصلہ کرنا چاہتی ہے جس سے کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے اور عام صارفین پر بھی اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم وافر مقدار میں موجود ہے، تاہم اس کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور منڈی میں مناسب فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔ گندم کی قیمت کے تعین کے لیے صوبوں سے مشاورت کی جائے گی اور یہ عمل مکمل ہوتے ہی قیمت کا اعلان کر دیا جائے گا۔وزیراعظم نے پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسانوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی فلاح و بہبود، آبی زراعت، جھینگوں کی افزائش اور کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست مالی معاونت کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بھی کسانوں کی ترقی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے مویشی پالنے کے شعبے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس شعبے کے ذریعے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ حکومت پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، جس سے زرمبادلہ کے حصول اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر خوراک سندھ نے اپنے اپنے صوبوں میں کسانوں کی ترقی، زرعی پیداوار میں اضافے اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں زراعت کی ترقی کے حوالے سے بھی شرکا کو بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطائ اللہ تارڑ، خالد حسین مگسی اور میاں معین وٹو، مشیران رانا ثنائ اللہ اور ہارون اختر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر زراعت سندھ مخدوم محبوب الزمان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مو¿ثر رابطے اور باہمی مشاورت کے ذریعے زرعی شعبے کو مضبوط بنایا جائے گا، کسانوں کی مشکلات کم کی جائیں گی اور ملک میں غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
