سانحہ کار ساز جمہوریت کےلئے قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،نواب ثناءاللہ زہری
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماءسابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے سانحہ کار ساز کی 19ویں برسی کے موقع پر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبال کے لیے آنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے 180 سے زائد جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کی بقا اور استحکام کے لیے عظیم قربانی دی سابق وزیر اعلی نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبالی جلوس میں ہونے والے دو دھماکے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک سانحہ ہیں۔ ان دھماکوں میں 180 سے زائد افراد شہید جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ سانحہ جمہوری جدوجہد میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے تسلسل، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ پارٹی قیادت سے لے کر کارکنوں تک، ہر سطح پر جمہوری جدوجہد کے لیے قربانیوں کی ایک طویل تاریخ موجود ہے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنائ اللہ خان زہری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جانثاروں نے مشکل ترین حالات میں بھی جمہوریت کا پرچم بلند رکھا اور اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر اپنی قائد سے وفاداری اور جمہوری اصولوں سے وابستگی کا ثبوت دیا سابق وزیراعلی نواب ثنائ اللہ خان زہری نے کہا کہ شہدائے کار ساز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ ان کا لہو جمہوری جدوجہد کی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنا ہے۔
