dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

رحمت اللہ لائن مین کی شہادت افسوسناک واقعہ ہے،کیسکو لیبر یونین

کیسکو لیبر یونین کے ترجمان نے قلات میں دورانِ ڈیوٹی فیٹل ایکسیڈنٹ میں لائن مین رحمت اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمت اللہ کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ کیسکو کمپنی اور محنت کش طبقے کے لیے بھی ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ کیسکو لیبر یونین شہید کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالی شہید کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔ترجمان نے کہا کہ کیسکو کے شہدا کے المناک واقعات کو ذاتی، گروہی اور ناجائز مفادات کے حصول کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ علاقے کی مخدوش امن و امان کی صورتحال، فیلڈ میں کام کرنے والے محنت کشوں کو درپیش حقیقی خطرات اور زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور آپریشنل ڈائریکٹر کو تعصبی تنقید کا نشانہ بنانا ایک غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے خلاف ماضی میں جاری کیے گئے متعصبانہ اور نسل پرستانہ بیانات اور مبینہ طور پر نسلی بنیادوں پر یونین عہدوں کی تقسیم نے بھی مخصوص طرزِ سیاست کو بے نقاب کیا ہے۔ ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کیسکو لیبر یونین محنت کشوں کو قوم، زبان اور فرقے کی بنیاد پر تقسیم کرنے اور شہید رحمت اللہ کے خاندان کو کیسکو انتظامیہ کے ساتھ الجھانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ شہدا کے خون اور ان کے خاندانوں کے دکھ کو گروہی سیاست اور ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنا محنت کش دشمن عمل ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو عناصر آج شہید رحمت اللہ کے لواحقین کے غم میں شریک ہونے کے دعوے کر رہے ہیں، وہ کیسکو میں اب تک شہید ہونے والے تقریبا 130 اہلکاروں میں سے کتنے شہدا کے جنازوں میں شریک ہوئے، کتنے خاندانوں کے گھروں میں تعزیت کے لیے گئے اور کتنے متاثرہ خاندانوں کی عملی مدد کی؟انہوں نے کہا کہ کیسکو لیبر یونین شہدا کے واقعات پر سیاست کرنے کے بجائے محنت کشوں کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ یونین کا مطالبہ ہے کہ سیفٹی پالیسی پر مکمل اور بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے، فیلڈ اسٹاف کو تمام ضروری حفاظتی آلات بروقت فراہم کیے جائیں، حفاظتی معیار پر سختی سے عمل کرایا جائے اور کسی بھی محنت کش کو غیر محفوظ حالات میں کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ترجمان نے کیسکو کے محنت کشوں پر زور دیا کہ وہ شہدا کے نام پر اپنے ناجائز مطالبات منوانے کی کوشش کرنے والے عناصر کی سیاست کا حصہ بننے کے بجائے اپنے حقیقی طبقاتی مفادات، باہمی اتحاد اور جان کے تحفظ کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو قوم، زبان اور فرقے کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے بجائے اپنے حقوق کے لیے متحد رہنا چاہیے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More