دہشت گرد بلوچستان کے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، بابر یوسفزئی
وزیرِاعلی بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مثر کارروائی کے نتیجے میں 7 دہشت گردوں کی ہلاکت اور تخریبی منصوبہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ گوادر میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مستعدی اور حکمتِ عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 7 دہشت گردوں کی ہلاکت سے امن دشمن عناصر کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر تخریب کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ایک بڑے خطرے کا بروقت سدباب کرنے والے سیکیورٹی اہلکار قومی سلامتی کا فخر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد عناصر صوبے کی معاشی ترقی، سی پیک، غیر ملکی سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، لیکن بلوچستان کے غیور عوام اور ریاستی ادارے سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں پائیدار امن، عوامی تحفظ اور ترقیاتی عمل کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
