dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

گندم کی قیمتوں میں اضافے پر اسحاق ڈار کا اظہارِ تشویش، اقدامات کی ہدایت

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں ضروری اشیائے خورونوش کے ذخائر، قیمتوں اور فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم اور چینی سمیت روزمرہ استعمال کی اشیائ کی دستیابی، خریداری کے نظام، مقامی کھپت اور قیمتوں کے رجحانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیائ کے ذخائر تسلی بخش ہیں۔ گندم کے مقامی ذخائر اور درآمدی گندم اگلی فصل آنے تک ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، تاہم گندم کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تشویش کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گندم کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور مارکیٹ میں گندم کی فراہمی بڑھائی جائے تاکہ قیمتوں میں اضافے کے رجحان کو روکا جا سکے اور عوام کو مناسب نرخوں پر گندم کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں چینی کی قیمتوں اور ذخائر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی منڈی میں چینی کی قیمت مقررہ ہدف، یعنی 155 روپے فی کلوگرام سے کم ہے، جبکہ چینی کے وافر ذخائر اگلے کرشنگ سیزن تک دستیاب ہیں۔نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ قومی غذائی تحفظ اور ضروری اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور منڈی میں قیاس آرائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اسحاق ڈار نے وفاقی اور صوبائی حکام کو مارکیٹ کے نظام، اشیائے خورونوش کی فراہمی اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ کسی بھی مصنوعی قلت یا غیر ضروری قیمتوں میں اضافے کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز، تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More