مالیاتی وسائل کے حصول کیلئے کیپیٹل مارکیٹ کو موثر ذریعہ بنانا ہوگا ، سینیٹر اور نگزیب
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملک کی کیپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات، کارپوریٹ قرضہ مارکیٹ کے فروغ، سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافے اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالیاتی وسائل کے حصول کے لیے روایتی بینک قرضوں کے علاوہ کیپیٹل مارکیٹ کو بھی موثر ذریعہ بنانا ہوگا تاکہ بچتوں کو پیداواری سرمایہ کاری کے لیے متحرک کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ کاروباری اداروں کو طویل مدتی مالی وسائل تک رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو کیپیٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ کونسل (سی ایم ڈی سی) کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کیپیٹل مارکیٹ اصلاحات پر پیش رفت، کارپوریٹ قرضوں کے اجرا، سرمایہ کاروں کی بنیاد وسیع کرنے، مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور طویل مدتی فنانسنگ کی سہولت سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران کارپوریٹ قرضوں کا اجرا 291 ارب روپے رہا جبکہ 2025 کے دوران اس مد میں 326 ارب روپے حاصل کیے گئے تھے جو 2024 کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔ فروری 2025 سے ستمبر 2026 کے دوران 45.4 ارب روپے مالیت کے 12 نئے لسٹڈ کارپوریٹ قرضوں کا اجرا بھی کیا گیا جس سے سکوک اور دیگر قرضہ جاتی مالیاتی ذرائع میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی عکاسی ہورہی ہے ۔ اجلاس میں نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این جی سی) کے مجوزہ شریعہ کمپلائنٹ سکوک پروگرام پر بھی غور کیا گیا جس کا مجموعی حجم 100 ارب روپے تک جبکہ ابتدائی اجرا 20 ارب روپے تک ہوگا۔ اس پروگرام کے تحت 10 سال تک کی مدت کے سکوک مختلف مراحل میں عوامی پیشکش کے ذریعے جاری کیے جائیں گے اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا انحصار متعلقہ منظوریوں اور مارکیٹ کے حالات پر ہوگا۔ وزیر خزانہ نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے لسٹڈ کارپوریٹ قرضہ جاتی آلات کی صلاحیت اجاگر کرنے اور دیگر اداروں کو بھی اس جانب راغب کرنے کا اہم موقع قرار دیا۔ اجلاس کے شرکا کو کارپوریٹ قرضوں کے اجرا کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا اوربتایاگیا کہ اس سلسلے میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں خصوصی کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جو ممکنہ اجرا کنندگان کو رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ ایس ای سی پی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے ون ونڈو لسٹنگ کا نظام بھی فعال ہو چکا ہے جبکہ سینٹرل ڈپازٹری کمپنی ( کو اس نظام میں شامل کرنے کے لیے کام جاری ہے تاکہ لسٹنگ کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنایا جا سکے۔ اجلاس میں اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت چار ورکنگ گروپس کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں ٹیکس و مالیاتی امور، قرضوں کا اجرا، مارکیٹ کا بنیادی ڈھانچہ اور سرمایہ کاروں کا تحفظ و نفاذ شامل ہیں۔ ان گروپس کا مقصد ٹیکس سے متعلق پیچیدگیوں اور عدم توازن کو دور کرنا، قرضوں کے اجرا اور لسٹنگ کے طریقہ کار کو آسان بنانا، لین دین کے اخراجات کم کرنا، مارکیٹ میں کیش کے بہاﺅ کو بہتر بنانا اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ گرین اور تھیمیٹک سکوک سمیت جدید مالیاتی ذرائع کے استعمال کو فروغ دینا بھی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ثانوی مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2026 میں روزانہ اوسط کاروباری مالیت 3.93 ارب روپے تھی جو مالی سال 2027 میں 15 اکتوبر 2026 تک بڑھ کر 10 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس مارکیٹ میں 13 بینک بھی شامل ہو چکے ہیں اور ثانوی مارکیٹ میں فعال طور پر تجارت کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، سی ڈی سی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان کے درمیان رابطوں اور تعاون کو بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرکاری سکوک کی خرید و فروخت میں بینکوں کی شرکت بڑھانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں موجودہ انتظامات کے تحت بینکوں اور دیگر اہل مالیاتی اداروں کو بروکر اکاﺅنٹس برقرار رکھے بغیر سرکاری سکیورٹیز کی تجارت کی سہولت حاصل ہے جبکہ سکوک کی بنیاد پر نقدی کی ضروریات پوری کرنے کی سہولت سے متعلق مزید ضابطہ جاتی اور عملی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بنیاد وسیع کرنے کے حوالے سے ایس ای سی پی نے اجلاس کو بتایا کہ 17 پنشن فنڈ منیجرز اور 44 انشورنس کمپنیوں سے مشاورت کی گئی ہے، اس مشاورت میں موزوں قرضہ جاتی مالیاتی آلات کی دستیابی، ثانوی مارکیٹ میں کیش کے بہاﺅ ، اجرا کنندگان کی جانب سے معلومات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے مجموعی نظام میں بہتری کے مواقع کی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ان مشاورتوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ طویل مدتی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں شرکت بڑھائی جا سکے۔ وزیر خزانہ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں سمیت درمیانے حجم اور غیر معروف بڑی کمپنیوں کو بھی کیپیٹل مارکیٹ سے مالی وسائل حاصل کرنے کے قابل بنانے پر زور دیا اور ایس ای سی پی کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اور دیگر متعلقہ پلیٹ فارمز کے اشتراک سے ایس ایم ایز کے لیے قابل عمل حل تیار کرے۔ انہوں نے انویسٹمنٹ بینکوں، مالیاتی مشیروں اور کنسلٹنٹس پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان بزنس کونسل اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے ممکنہ اجرا کنندگان کے ساتھ رابطے بڑھائیں تاکہ طویل مدتی قرضوں کے اجرا اور کارپوریٹ فنانسنگ کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ محمد اورنگزیب نے ایس ای سی پی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایم ایس سی آئی کے ساتھ دوبارہ رابطے کی بھی ہدایت کی تاکہ پاکستان کی مستقبل میں ایمرجنگ مارکیٹس کے درجے میں ممکنہ واپسی کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے رواں ماہ بینکاک میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ایم ایس سی آئی کی ٹیم کے ساتھ اپنی مثبت ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مسلسل رابطے، مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاروں کے لیے رسائی میں بہتری ضروری ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے اگلے مرحلے میں ضابطہ جاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنا ہوگا جس سے قرضوں کے اجرا، مارکیٹ میں کیش کے بہاﺅ اور سرمایہ کاروں کی وسیع تر شرکت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اصلاحاتی عمل کی رفتار برقرار رکھیں، باقی ماندہ رکاوٹیں دور کریں اور سرمایہ کاروں و اجرا کنندگان کے ساتھ موثر رابطے بڑھائیں تاکہ ملک میں متنوع، موثر اور قابل رسائی کیپیٹل مارکیٹ تشکیل دی جا سکے۔ اجلاس میں چیئرمین ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان سٹاک ایکسچینج، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، ٹیکس پالیسی آفس کے نمائندوں اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
