برشور‘ژڑ کس میں منشیات کےخلاف ایک بڑا اور منظم کریک ڈاو¿ن
برشور : 04 نومبر۔ ڈپٹی کمشنر برشور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خالد شمس کی خصوصی ہدایات پر توبہ کاکڑی کے علاقے ژڑ کس میں منشیات کے خلاف ایک بڑا اور منظم کریک ڈاو¿ن کیا گیا ہے،ضلعی پولیس آفیسر عبدالستار دشتی کی قیادت میں ہونے والے اس گرینڈ آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنر توبہ کاکڑی معید جاموٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے فورسز کے دستوں نے بھرپور حصہ لیا،تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ نے توبہ کاکڑی کے دور افتادہ سرحدی علاقے 'ژڑ کس' میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چرس کی تیار فصل کو موقع پر ہی نذر آتش کر کے مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) عبدالستار دشتی کا کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور معاشرے سے منشیات جیسے ناسور کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ ممنوعہ اور منشیات کی فصلوں کی کاشت میں ملوث زمینداروں اور کاشتکاروں کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے،اس دوران بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر توبہ کاکڑی معید جاموٹ نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کا علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے تک یہ مہم بلاامتیاز اور سختی کے ساتھ جاری رہے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
