بلوچستان سیکیورٹی فورسز کا 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 17 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ ہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دونوں کارروائیاں یکم نومبر کو انجام دیں۔ پہلی کارروائی ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں نے روڈ بلاک کر کے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔دوسری کارروائی ضلع خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اسے تباہ کر دیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ترجمان کے مطابق علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔
