مہمان داری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا حکومتی ترجیح ہے، محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایس ای او سمٹ کے انعقاد سے قبل اسلام آباد کے مہمان داری سیکٹر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانا حکومت کی اہم ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے زیر تعمیر ہوٹلز کی جلد تکمیل، موجودہ ہوٹلز کی تزئین و آرائش اور سیاحتی و مہمان نوازی کے شعبے میں سہولیات کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلز کی تکمیل کے لیے مو¿ثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور انہیں درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے موجودہ ہوٹلز کی تزئین و آرائش اور معیار میں بہتری کے لیے بھی خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے مقامی ہوٹلز کو بین الاقوامی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے روابط قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام ہوٹل مالکان اور عالمی ہوٹل چینز کے درمیان تعاون اور اشتراک کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کریں۔اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ نے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ نئے ہوٹلز کے فعال ہونے پر تربیت یافتہ اور پیشہ ور افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس ای او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سمٹ میں شرکت کے لیے آنے والے معزز غیر ملکی مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں اور دارالحکومت کے مجموعی انفراسٹرکچر، ہوٹلز اور مہمان نوازی کے معیار کو عالمی سطح کے مطابق بہتر بنایا جائے۔
