گوادر،پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال کے چار سال مکمل
پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال گوادر نے کامیاب طبی خدمات کے چار سال مکمل کر لیے۔ اس موقع پر ہسپتال کے نئے تعمیر شدہ بلاک میں جدید ترین انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو)، آپریشن تھیٹر اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا بھی باضابطہ افتتاح کیا گیا۔گوادر پرو کے مطابق چار سالہ طبی خدمات کی تکمیل پر جی ڈی اے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال گوادر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ہسپتال کا انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک (آئی ایچ ایچ این) کے زیرِ نگرانی ہے۔تقریب کے مقررین نے ہسپتال کی نمایاں طبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے گوادر، مکران اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے عوام کے لیے ایک اہم طبی مرکز اور امید کی روشن کرن قرار دیا۔اس موقع پر ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ناصر شیخ نے شرکائ کو ہسپتال کی چار سالہ کارکردگی، طبی سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار سال کے دوران ہسپتال میں 9 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال اس وقت 15 شعبہ جات کے ذریعے طبی خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں ایمرجنسی سروسز، آو¿ٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، لیبر رومز، جدید تشخیصی لیبارٹری اور بلڈ بینک شامل ہیں۔ ان سہولیات سے روزانہ بڑی تعداد میں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہسپتال انتظامیہ کو کامیابی کے ساتھ چار سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور عوامی صحت کے شعبے میں اس کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن بتدریج ماضی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں جب گوادر کے شہریوں کو علاج معالجے کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوادر ضلع کے دیگر طبی مراکز کا انتظام بھی جی ڈی اے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال کے کامیاب ماڈل کی پیروی کرتے ہوئے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے سپرد کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اس اقدام سے ضلع کے مجموعی صحت کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ جی ڈی اے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال ان مراکز کے لیے مرکزی طبی مرکز کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مکمل تعاون اور مسلسل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔گوادر پرو کے مطابق گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمان خان نے کہا کہ جی ڈی اے ہسپتال کے قیام سے اب تک اسے بھرپور تعاون فراہم کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال نہ صرف گوادر کے عوام بلکہ بلوچستان بھر سے آنے والے مریضوں کو بھی ضروری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جو خطے کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کے عملے، شراکت داروں اور مقامی کمیونٹی کو چار سالہ کامیاب طبی خدمات کی تکمیل پر دلی مبارکباد پیش کی۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ انڈس ہسپتال کا بنیادی مقصد عوام کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ہر فرد کسی رکاوٹ کے بغیر بہترین ممکنہ علاج تک رسائی حاصل کر سکے۔ انہوںنے کہاکہ چار سالہ سفر محنت، لگن اور خلوص کا عکاس ہے اور پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں نے ادارے کو موجودہ مقام تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہسپتال آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھے گا اور صحت کے شعبے میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔تقریب کے دوران ہسپتال سے علاج کروانے والے مریضوں نے بھی اپنے تجربات بیان کیے۔ ضلع کیچ کے رہائشی ماسٹر حبیب الرحمان اور حادثے میں زخمی ہونے والے ظہور احمد نے بتایا کہ کراچی میں علاج کی ناکام کوششوں کے بعد انہیں جی ڈی اے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے سے بہترین اور کامیاب علاج کی سہولت ملی۔انہوں نے طبی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو سراہتے ہوئے فراہم کردہ علاج پر اظہارِ تشکر کیا۔رپورٹ کے مطابق چار سالہ خدمات کی تکمیل کے موقع پر ہسپتال کے نئے بلاک میں قائم جدید آئی سی یو، آپریشن تھیٹر اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا باضابطہ افتتاح گوادر سے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور گوادر کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجر جنرل حبیب نواز نے کیا۔
