قلات، موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم جاری
موٹروے پولیس بیٹ-11 سیکٹر-3 ویسٹ زون بلوچستان کے زیرِ اہتمام قلات میں نجی اسکول کے طلبہ و طالبات کے لیے ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور ذمہ دارانہ شہری رویوں کے فروغ کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی موٹروے پولیس کے ڈی ایس پی خدائے رحیم تھے، جبکہ انجمنِ تاجران قلات کے صدر میر منیر احمد شاہوانی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر نجی اکیڈمی کے بانی حاجی شمس الدین پندرانی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔سیشن کے دوران پٹرولنگ افسران امین اللہ بلوچ اور محمد طارق بلوچ نے طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی بنیادی پابندیوں، موٹر سائیکل چلاتے وقت لازمی ہیلمٹ کے استعمال، گاڑی میں سیٹ بیلٹ باندھنے، تیز رفتاری سے مکمل گریز اور سفر کے دوران روڈ سیفٹی کے اصولوں کے بارے میں تفصیلی لیکچر اور بریفنگ دی۔پروگرام کے دوران ایک سوال و جواب کی نشست بھی منعقد کی گئی جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف سوالات کیے اور افسران سے عملی رہنمائی حاصل کی۔ شریک طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ ایسے معلوماتی آگاہی پروگرام نوجوان نسل میں ٹریفک شعور بیدار کرنے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا موثر ذریعہ ہیں، اور "محفوظ سفر، محفوظ زندگی روڈ سیفٹی ہم سب کی ذمہ داری ہے" کے عزم کے ساتھ اس مہم کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
