آبادی میں اضافہ پاکستان کی معاشی سلامتی اور ترقی کے لیے خطرہ ہے، احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بے قابو آبادی میں اضافہ پاکستان کی معاشی سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے خطرہ ہے،بے قابو آبادی کی افزائش تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا مزید مشکل بنا دے گی۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس پلاننگ کمیشن، اسلام آباد میں منعقد ہوا تاکہ آبادی کی منصوبہ بندی اور ترقی سے متعلق اقدامات اور ایجنڈوں پر عمل درآمد کو آگے بڑھایا جا سکے، جس کا مقصد آبادی کی افزائش کو مستحکم کرنا اور پاکستان کی آبادیاتی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا ہے۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کی ، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ سید مصطفیٰ کمال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراءاور سیکرٹریز، صوبائی و علاقائی وزرائ ، اور تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے محکمہ جاتِ منصوبہ بندی و ترقی، صحت اور آبادی کی بہبود کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی قومی ایمرجنسی کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کے لیے فوری اور مربوط کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ اگرچہ آبادی کی شرحِ افزائش 1980 سے بتدریج کم ہو کر 2.4 فیصد رہ گئی تھی، تاہم 2023 کی مردم شماری میں یہ دوبارہ بڑھ کر 2.55 فیصد ہو گئی، اور اس رجحان کے الٹ جانے کو انتہائی تشویشناک امر قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہم نے اپنا پاو¿ں بریک سے ہٹا کر ایکسیلیٹر پر رکھ دیا ہے۔ اس رجحان کو الٹنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ آبادی کے اعداد و شمار محض اعدادوشمار نہیں بلکہ براہِ راست پاکستان کے مستقبل، اس کے بچوں کی فلاح و بہبود اور قومی وسائل کی پائیداری سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کی افزائش کو دستیاب وسائل کے ساتھ متوازن کیے بغیر پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کا حصول مشکل ہے۔ معاشی مضمرات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر معیشت 5 فیصد کی شرح سے ترقی کرے جبکہ آبادی 2.5 فیصد کی شرح سے بڑھے تو فی کس حقیقی ترقی صرف 2.5 فیصد رہ جائے گی۔احسن اقبال نے زور دیا کہ بے قابو آبادی کی افزائش تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا مزید مشکل بنا دے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ موجودہ این ایف سی ایوارڈ کا فارمولا، جو وسائل کی تقسیم میں آبادی کو 82 فیصد وزن دیتا ہے، ایک تضاد پیدا کرتا ہے اور ممکنہ طور پر آبادی کی افزائش کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ این ایف سی ایوارڈ کو ترقی اور پائیداری کے اشاریوں سے منسلک کیا جائے تاکہ ایسے صوبوں کی حوصلہ افزائی ہو جو متوازن آبادی برقرار رکھنے میں کامیاب ہوں۔ وزیر موصوف نے مزید زور دیا کہ آبادی کا انتظام محض صحت یا خاندانی منصوبہ بندی کا معاملہ نہیں بلکہ یہ لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کی معاشی بااختیاری اور سماجی شعور سے بھی گہرا تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ایک مربوط قومی حکمتِ عملی اختیار کریں، جس میں صحت، تعلیم، کمیونٹی بیداری اور سماجی رویوں کی تبدیلی کے شعبوں میں مشترکہ کوششیں شامل ہوں، اور اس بات پر زور دیا کہ آبادی کی افزائش پر قابو پانا پاکستان کی معاشی سلامتی، ترقیاتی اہداف اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔کمیٹی نے وزارتِ قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قومی صحت و آبادی پالیسی اور قومی آبادی استحکام پروگرام کا جائزہ لیا۔ صوبوں اور علاقوں سے کہا گیا کہ وہ صوبائی آبادی کونسلیں اور ایگزیکٹو کمیٹیاں قائم کریں، پروگرام کی روشنی میں لاگت کے تخمینے کے ساتھ عمل درآمدی منصوبے تیار کریں، اور ڈیٹا کے غیر مربوط ذرائع کو کنٹرا سیپٹیو لاجسٹکس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے منسلک کریں تاکہ ملک کو اپنے مانع حمل سپلائی چین کا مکمل منظر نامہ دستیاب ہو سکے۔ اجلاس میں ایک متحد قومی بیانیہ کی اہمیت اور اس کی تشکیل میں وزارت اطلاعات کے کردار کو نمایاں کیا گیا، جسے کونسل کے کام کو آگے بڑھانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا۔ایگزیکٹو کمیٹی وزیرِ اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی ہے تاکہ نیشنل پاپولیشن کونسل کی پالیسیوں کو قابلِ عمل اہداف میں منتقل کیا جا سکے اور صوبوں اور علاقوں کے ساتھ مل کر عمل درآمد کو آگے بڑھایا جا سکے۔ آج کا اجلاس 30 اکتوبر 2026 کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہونے والے کونسل کے ابتدائی اجلاس کے بعد ہوا۔ یہ کمیٹی طے شدہ اشاریوں کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گی، جبکہ وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اس کے سیکرٹریٹ کے فرائض انجام دے گی۔
