dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

کوئٹہ، کولپور اور نوشکی کے گرد آپریشنز، 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گرد دہشت گردوں کے خلاف متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کر رکھے ہیں، جن کے دوران کولپور میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے، تاہم دہشت گردوں کے مسلح ڈرون حملے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گرد متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کے ساتھ علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے نگرانی، گشت اور کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر آمدورفت کو محفوظ بنانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔شہید میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جبکہ شہید حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکی۔ علاقے کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز اسی رفتار اور شدت سے جاری رکھے جائیں گے، جبکہ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور دیگر مخالف خفیہ اداروں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ علاقے میں امن و معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے حکومت اور سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچایا جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت فتنہ الہندوستان کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ جدید آلات اور ٹیکنالوجی بھی فراہم کر رہا ہے، تاہم سکیورٹی فورسز اس بدلتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی بھی ذریعے سے کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وڑن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ شہدا کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More