dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

نوجوانوں میں ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی استعداد موجود ہے‘سیدال ناصر

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے پشتون اور بلوچ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان نوجوانوں میں ملک کی ترقی اور تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور استعداد موجود ہے بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور دیگر تمام اکائیاں پاکستان کے خوبصورت گلدستے کی مانند ہیں تمام صوبے قومی یکجہتی اور وفاق کی مضبوطی کا حصہ ہیں اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے، جو لوگ خلوصِ دل کے ساتھ محنت اور جدوجہد کرتے ہیںاللہ تعالیٰ انہیں ایک پہچان اور برانڈ بنا دیتا ہے پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں اور جذبہ موجود ہے، ہمیں ہر شعبے میں نئی قیادت سامنے لانے اور نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں بھرپور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپلومیٹک فٹ بال لیگ کے دسویں سیزن کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتی برادری کے نمائندوں، منتظمین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے خطاب میں فٹ بال سے اپنی ذاتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی فٹ بال کے کھلاڑی رہ چکے ہیں اور آج بھی ان کا دل چاہتا ہے کہ فٹ بال کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کے مستقبل کے حوالے سے پاکستان میں لوگوں کا بڑھتا ہوا شوق اور نوجوانوں کا جذبہ حوصلہ افزا ہے۔ پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے ڈپلومیٹک فٹ بال لیگ کے منتظم جناب مبشر سنجرانی اور ان کی ٹیم کو دسویں سیزن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مسلسل محنت، خلوص اور جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ کو دس سیزنز تک پہنچانا منتظمین کی لگن اور عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے ایونٹ کی سرپرستی اور معاونت کرنے والے تمام اداروں، اسپانسرز اور شخصیات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ جو لوگ آج اس مثبت سرگرمی کو سپورٹ کر رہے ہیں وہ مستقبل میں بھی اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس پلیٹ فارم کے لیے اپنی بھرپور حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ نوجوانوں کو محض رسمی سرگرمیوں تک محدود رہنے کے بجائے گراس روٹ لیول پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عوام کے حقیقی مسائل کو سمجھ سکیں اور ان کے حل کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ ہمیں ایسی نئی قیادت تیار کرنی ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں آگے آ کر ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرے اور پاکستان کو ایک مثالی ملک بنانے میں اپنا حصہ ڈالے۔انہوں نے معرکہ حق کو پاکستانی عوام اور پوری قوم کے اتحاد، یکجہتی اور جذبے کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور سیاسی کامیابیوں کے پیچھے بھی عوام کا یہی جذبہ اور قومی اتحاد کارفرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری پاکستان کو ملنا بھی قوم کے اعتماد، اتحاد اور عوامی جذبے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ آج یہاں موجود نوجوانوں کے جذبات اور عزم میں انہیں پاکستان کے روشن مستقبل اور کامیابی کی واضح جھلک نظر آتی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے پشتون اور بلوچ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں میں ملک کی ترقی اور تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور دیگر تمام اکائیاں پاکستان کے خوبصورت گلدستے کی مانند ہیں۔ تمام صوبے قومی یکجہتی اور وفاق کی مضبوطی کا حصہ ہیں اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ نوجوانوں کو گمراہ کن پروپیگنڈے اور منفی باتوں سے متاثر ہونے کے بجائے مثبت سوچ، قومی وابستگی اور تعمیری سرگرمیوں کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ انہوں نے بالخصوص بلوچ اور پشتون نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں آگے آئیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بھٹکے ہوئے بلوچ اور پشتون نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی دعوت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں ایسی قیادت سامنے لانی ہے جو قومی اتحاد، باہمی احترام اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہو۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈپلومیٹک فٹ بال لیگ محض ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی دوستی، باہمی احترام اور عوامی روابط کے فروغ کا ایک مو¿ثر پلیٹ فارم ہے۔ فٹ بال ایک ایسی عالمی زبان ہے جو سرحدوں، قومیتوں اور ثقافتوں سے بالاتر ہو کر لوگوں کو متحد کرتی ہے۔ انہوں نے منتظمین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس لیگ کو مزید وسعت دیں اور پاکستانی نوجوانوں کو اس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کے مواقع فراہم کریں۔انہوں نے اسپانسرز آر بی ایس (RBS)، موون پک ہوٹل (Mövenpick Hotel) اور دیگر معاونین کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈپلومیٹک فٹ بال لیگ آئندہ بھی پاکستان میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور عالمی برادری کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More