dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

وویمن یونیورسٹی کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہال تعمیر کیا جائیگا‘گورنر بلوچستان

گورنر بلوچستان نے اعلان کیا کہ سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی کیلئے ایک جدید سہولیات سے آراستہ ہال تعمیر کیلئے آنے والے بجٹ میں فنڈ مختص کیا جائیگا جہاں تمام فارغ التحصیل گریجویٹس کانووکیشن سمیت تمام بڑی تقریبات میں بھرپور انداز میں شرکت سکیں گے۔ ہماری مشترکہ کاوشوں اور دانشمندانہ منصوبہ بندی سے صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیز کو کامیابی کے ساتھ مالی بحران سے نکال لیا گیا ہے۔ اب یہ یونیورسٹیز مالی خسارے کے بجائے سرپلس بجٹ کے ساتھ کام کر رہی ہیں جبکہ صوبائی سطح پر صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کی رینکنگ تقریباً دوگنی ہو چکی ہے۔ ان وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، میر شعیب نوشیروانی اور راحیلہ حمید خان کے کردار اور وائس چانسلرز صاحبان کی کوششیں لائق تحسین ہیں، گورنر جعفرخان نے تمام فارغ التحصیل گریجویٹس ان کے والدین، اساتذہ کرام اور یونیورسٹی انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کیا۔ ان خیالات کا سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی کے بارہویں کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزراءمیر شعیب نوشیروانی، میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، سینیر سعیدالحسن مندوخیل، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نجم الدین مینگل، دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز صاحبان، ماہرین تعلیم و ریسرچ سمیت گریجویٹس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ وویمن یونیورسٹی کے 12 کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی پوری ٹیم کو کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کی وویمن یونیورسٹی بلوچستان کے اعلیٰ تعلیمی منظرنامے میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے۔ صوبے کی واحد خواتین یونیورسٹی ہونے کے ناطے یہ ادارہ خواتین کو ہائیر ایجوکیشن حاصل کرنے، پروفیشنل صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اور مستقبل میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ آج کا یہ بارہواں کانووکیشن خوشی، فخر اور گزشتہ جدوجہد کا جائزہ لینے کا ایک اہم دن ہے۔ آپ کو ملنے والی ڈگریاں محض تعلیمی اسناد نہیں بلکہ برسوں کی محنت، ڈسپلن، مستقل مزاجی اور شخصیت سازی کا ثمر ہیں۔ آپکو اپنی اس کامیابی پر فخر کرنا چاہیے اور اسکے ساتھ وابستہ ذمہ داریوں کا بھی ادراک ہونا چاہیے۔ عملی زندگی کے نئے سفر میں قدم رکھتے ہوئے آپ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی سفیر اور اسکے اعلیٰ تعلیمی و اخلاقی اقدار کی نمائندہ ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا کردار محض ڈگریاں دینے تک محدود نہیں بلکہ یہ طالبات میں تنقیدی شعور، فکری صلاحیت اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں پیچیدہ مسائل کا تجزیہ کرنے اور انکے حل کی صلاحیت بھی فراہم کرتی ہے۔ میں اس موقع پر اساتذہ کرام کی قابلِ قدر خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ٹیچنگ، تحقیق اور طلبہ کی فکری و علمی نشوونما کے لیے ان کی لگن کسی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے کی مضبوطی اور ساکھ کی بنیاد ہوتی ہے۔ میں وائس چانسلر اور یونیورسٹی کی پوری انتظامیہ کو تعلیمی معیار برقرار رکھنے اور اس اہم تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہماری فارغ التحصیل گریجویٹس میں بے پناہ صلاحیتیں اور استعداد موجود ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسا سازگار ماحول فراہم کرے جہاں ان صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔ میں آپ تمام فارغ التحصیل ہونے والی پی ایچ ڈی اسکالرز، ایم فل اور گریجویٹس کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ اپنی تعلیم کو تعمیری مقاصد کیلئے استعمال کریں، دیانتداری اور پروفیشنل مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور اپنی برادری، معاشرے، بلوچستان اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بامعنی کردار ادا کریں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ عملی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے ہمیشہ یاد رکھیے کہ تعلیم اور سیکھنے کا عمل ڈگری حاصل کرنے پر ختم نہیں ہوتا۔ علم کی جستجو جاری رکھیں، بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالیں اور چیلنجز کا اعتماد اور عزم کے ساتھ سامنا کریں۔ آپ کے مستقبل کے تمام اقدامات مقصدیت، خدمت خلق اور احساسِ ذمہ داری سے عبارت ہونے چاہئیں۔ اپنی یونیورسٹی کا نام فخر سے بلند کریں اور آنے والی نسلوں کی طالبات کیلئے مشعلِ راہ بنیں۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ میں گورنر جعفرخان مندوخیل کا ایک بہت قائدانہ کردار ہے۔ صوبے میں تعلیم کے فروغ، بالخصوص خواتین کی ہائیر ایجوکیشن کے مواقع فراہم کرنے اور وویمن یونیورسٹی کے قیام میں انکا بھی اہم کردار رہا ہے۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے والدین کو مخاطب کیا اور کہا کہ آپ نے صرف اپنی بیٹی کو تعلیم یافتہ نہیں بنایا بلکہ درحقیقت آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل اور صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے پی ایچ ڈی اسکالرز، ایم فل اور گریجویٹس کو گولڈ میڈلز پہنائے اور اسناد تقسیم کیے گئے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More