پاکستان نے منظم جرائم کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے،محسن نقوی
اسلام آباد ،پاکستان اور پولینڈ نے سیکیورٹی، انٹیلیجنس شیئرنگ، انسداد دہشتگردی، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی قانونی معاونت سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے اور اعلیٰ سطحی روابط میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان نے یورپ کی جانب غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی تعاون اور مو¿ثر رابطہ کاری کے ذریعے ان جرائم میں مزید خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور پولینڈ کے وزیر و کونسل آف منسٹر کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے، انسداد دہشتگردی، غیر قانونی مائیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے اور اعلیٰ سطحی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر مختلف مفاہمتی یادداشتوں، بالخصوص باہمی قانونی معاونت کے متعلق ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیر مملکت طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے منشیات، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ باہمی تعاون اور دوطرفہ کوآرڈینیشن کو مزید مو¿ثر بنا کر غیر قانونی مائیگریشن، منشیات اور منظم جرائم کے خلاف اقدامات میں خاطر خواہ بہتری لائی جاسکتی ہے۔پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک نے اس سلسلے میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کے لیے یورپ میں پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار اور قانونی مائیگریشن کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری قانونی طریقے سے پولینڈ آئیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔پولش وزیر نے کہا کہ انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی امور پر پاکستان اور پولینڈ کا مو¿قف یکساں ہے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی بھرپور تائید کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان عوامی، تجارتی اور کاروباری روابط کو وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ٹوماش شیمونیاک نے کہا کہ سیاسی اور سیکیورٹی تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کا فروغ بھی انتہائی اہم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پولینڈ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستانی اور پولش شہریوں کے لیے روابط آسان بنانے سمیت آفیشل پاسپورٹ پر ویزہ فری سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
