dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

گورنر راج آخری آپشن، حکومت تمام آئینی و قانونی راستے دیکھ رہی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد ،وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گورنر راج حکومت کا آخری آپشن ہوگا اور حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ حالات کو اس نہج تک نہ پہنچنے دیا جائے، تاہم اگر کوئی راستہ باقی نہ بچا تو دارالحکومت کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔پارلیمنٹ ہاو¿س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت گورنر راج سمیت تمام آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کر رہی ہے، تاہم حتمی فیصلہ حالات اور دستیاب راستوں کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وفاقی دارالحکومت کے تحفظ کے لیے تمام آئینی اور قانونی اختیارات استعمال کرنے کا حق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا نے کہا کہ ہر دو تین ماہ بعد لشکر کشی کے ذریعے دارالحکومت پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر دارالحکومت پر حملہ کیا جائے گا تو حکومت کو اسلام آباد اور ملک کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاملات سیاسی طریقے سے حل ہوں اور گورنر راج کے آپشن تک نوبت نہ پہنچے۔ وزیراعظم نے مذاکرات کی دعوت دی ہے اور اگر پی ٹی آئی بغیر کسی شرط کے مذاکرات کرے تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مذاکرات کبھی مشروط نہیں ہوتے، مشکل مذاکرات اگر شرائط کے ساتھ شروع کیے جائیں تو پہلے ہی لمحے سے ناکامی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ملک اور تمام فریقین کے لیے قابل قبول سیاسی حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور طالبان کے درمیان روابط کے حوالے سے شواہد موجود ہیں۔ مذاکرات کی ناکامی میں اسلام آباد کی سیاست اور سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کی کوششیں بھی بڑا فیکٹر رہی ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کے خون میں ملوث قوت کے ساتھ سیاسی اتحاد اور تعاون قابل قبول نہیں۔ کسی قید شخص کی خوشی یا مرضی کے لیے پاکستان کا شیرازہ بکھیرنا بھی قابل قبول نہیں ہو سکتا۔انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی وزارتِ اعلیٰ بچانے اور سیاسی نمبر ٹانگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پنجاب سے بڑی تعداد میں ارکان اسمبلی موجود ہیں، لیکن احتجاج میں ان میں سے کوئی نظر نہیں آ رہا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کا کوئی ایک شخص بھی موجودہ احتجاج میں شریک ہوا ہو تو بتایا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں اور قومی اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی رہنما اور اتحادی بھی کسی قابل قبول سیاسی حل کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اس وقت شدت اختیار کرتے ہیں جب لڑائی اپنی کرسیاں بچانے اور دستیاب وسائل پر قبضے کے لیے ہو۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے مطالبے پر لانگ مارچ کے فیصلے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے مکمل معلومات نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک سیاسی جماعت کا کردار ادا کرنا چاہیے، دہشت گرد جماعت کا نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو اپنے ماضی پر بھی نظر ڈالنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ قید کے دوران حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی عوام میں اتنا سیاسی شعور موجود ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کو سمجھ سکتے ہیں اور سیاسی معاملات کے پس پردہ عوامل کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More