ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کے انتقال پر احمد نواز بلوچ کا اظہارِ تعزیت
بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری و سابق رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ نے قوم و وطن دوست سیاسی رہنما ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں احمد نواز بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس اور صدمے کا باعث ہے۔ مرحوم ایک مخلص، شفیق، ملنسار اور قوم و وطن دوست سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے اپنی زندگی بلوچستان کے عوام، ان کے حقوق اور جمہوری و سیاسی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کی سیاسی وابستگی، جمہوری جدوجہد، بلوچستان کے عوام سے محبت اور سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔ ان کی سیاسی زندگی بلوچستان کے عوام اور جمہوری اقدار کے لیے جدوجہد سے عبارت رہی۔ احمد نواز بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کی وفات بلوچستان کے سیاسی و سماجی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کے اہلِ خانہ، سیاسی رفقاء اور تمام سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ احمد نواز بلوچ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
