دہشتگرد اپنے مذموم عزائم کے ذریعے عوامی زندگی کو یرغمال نہیں بنا سکتے‘ضیاءلانگو
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں اور یہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہیں۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک پر ناکہ بندی کی کوشش کو ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی مستعدی کا مظہر ہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے ذریعے عوامی زندگی اور آمدورفت کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی سکیورٹی اداروں کی کامیاب حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جبکہ خضدار میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد کی برآمدگی ایک اہم کامیابی ہے، جس سے دہشت گردی کے ممکنہ منصوبوں کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک مثر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
