کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام پوسٹوں کی منظوری، جلد افسران کی تعیناتی کا اعلان، وزیراعلی سرفراز بگٹی
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور ان پر افسران و عملے کی تعیناتی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔ بلوچستان میں عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری سہولیات کی فراہمی اور حکومتی اداروں تک رسائی آسان بنانے کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس، ڈویژنز اور اضلاع کا قیام ناگزیر ہے۔شمالی ڈیرہ بگٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مخصوص جغرافیائی اور انتظامی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ انتظامی ڈھانچے کو عوام کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیا جائے۔ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام سے سول حکومت اور مختلف محکموں تک عوام کی رسائی آسان ہوگی اور سرکاری امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی۔کہانہوں نے کہا کہ ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث اب شروع ہوئی ہے، جبکہ انہوں نے بلوچستان میں یہ عمل دو سال قبل ہی شروع کر دیا تھا۔ صوبے میں نئے صوبوں کے ساتھ چھوٹے ڈویژنز اور اضلاع بنانے کی بھی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مثر بنائی جا سکے۔وزیراعلی نے کہا کہ رکھنی کو بلوچستان کا مثالی ڈویژن بنانے اور ترقی کے میدان میں سرفہرست لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ رکھنی کو ڈویژن کا درجہ دینے کا فیصلہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا، تاہم اب وہاں ترقیاتی عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور اسے ایک مثالی ڈویژن بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رکھنی میں ترقیاتی عمل کو کرپشن مافیا اور کمیشن کی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات خود کام انجام دے رہا ہے تاکہ عوامی وسائل کا درست استعمال ممکن بنایا جا سکے اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچیں۔گوادر میں تعمیراتی کمپنی کی عمارت پر فتن الخوارج کے حملے کو ناکام بنانے کے حوالے سے وزیراعلی نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بہادر افواج، فرنٹیئر کور اور پولیس کی قربانیاں اور کارکردگی قابل فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ اگست کے بعد بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے رجحان میں کمی آنا ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں مثر انتظامی ڈھانچے کی تشکیل، شفاف ترقیاتی عمل اور امن و امان کے استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
