چین کا پاکستان میں اے آئی ہسپتال سسٹم متعارف کرانیکا منصوبہ
پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)پر مبنی ملک کا پہلا اسپتال قائم کرنے کے لیے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور چین کی ہیلتھ ٹیکنالوجی کمپنی ٹائرکس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر کام جاری ہے۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق اس منصوبے کا انکشاف بیجنگ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ہوا۔چینی کمپنی ٹائرکس کے چیف مارکیٹنگ آفیسر لی ژینگ نے بتایا کہ کمپنی رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر کام کر رہی ہے۔ رفاہ یونیورسٹی پاکستان میں ٹائرکس کا ایجنٹ اسپتال سسٹم متعارف کرانے کی خواہش مند ہے۔رپورٹ کے مطابق مجوزہ تعاون کے تحت طبی تعلیم، مریضوں کی تشخیص اور تحقیق کے شعبوں میں کام کیا جائے گا۔ اس میں میڈیکل کے طلبہ اور ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے ورچوئل مشاورتی کمروں کا استعمال، مصنوعی ذہانت کی مدد سے طبی فیصلے کرنے اور مریضوں کی بعد از علاج نگرانی سے متعلق مطالعات شامل ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق تقریب سے ویڈیو پیغام میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان نے اس شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے چینی کمپنی کی تکنیکی صلاحیتوں اور صحت کے شعبے میں عملی مسائل کے حل پر اس کی توجہ کو سراہا۔رپورٹ کے مطابق حسن محمد خان نے کہاکہ ہم مل کر یہ جائزہ لیں گے کہ مصنوعی ذہانت کو بنیادی طبی سہولیات، طبی تعلیم اور تحقیق کے لیے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کا ایک نیا ماڈل تشکیل دیا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹائرکس مصنوعی ذہانت کے ذریعے صحت کی سہولیات فراہم کرنے والی ایک کمپنی ہے، جس نے سنگھوا یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار اے آئی انڈسٹری ریسرچ کے تحت کام شروع کیا۔ کمپنی نے ایجنٹ اسپتال نامی نظام تیار کیا ہے، جو طبی ماہرین کی تربیت کے لیے ورچوئل مریضوں کا استعمال کرتا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت سے لیس ڈاکٹر ایجنٹس حقیقی طبی ماحول میں معالجین کی معاونت کرتے ہیں،یہ سسٹم انسانی ڈاکٹروں کی جگہ لینے کے بجائے ان کی مدد کے لیے تیار کیا گیا ہے جبکہ علاج سے متعلق فیصلوں کی ذمہ داری بدستور انسانی ڈاکٹروں کے پاس رہتی ہے۔رپورٹ کے مطابق مجوزہ شراکت داری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے شعبے میں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے،پاکستان اکنامک سروے26 -2025 کے مطابق ملک کا شعب صحت محدود مالی وسائل اور طبی سہولیات تک غیر مساوی رسائی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ مالی سال 25-2024 میں صحت عامہ پر سرکاری اخراجات مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)کا محض 0.8 فیصد رہے۔پاکستان نے اپنی قومی مصنوعی ذہانت پالیسی 2025 کے تحت صحت کے شعبے کو بھی اے آئی کے استعمال کے لیے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا ہے اس سلسلے میں میڈیکل ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانا اور ٹیلی میڈیسن ان اہم شعبوں میں شامل ہیں جہاں مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے میڈیکل تعلیم میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے کے لیے اقدامات بھی شروع کر دیے ہیں۔ اگست میں یونیورسٹی نے اسلام آباد میں ہیلتھ سائنس فیکلٹی کے اساتذہ کے لیے تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا، جس میں طبی عمل، تحقیق اور تدریس میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔
