بلوچستان کو پانی کی قومی حکمتِ عملی کے منصوبوں میں خصوصی اہمیت دینا ناگزیر ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر
چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا آبی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی پر 50 کھرب روپے سرمایہ کاری کا منصوبہ نہایت خوش آئند ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پانی کی قلت پر قابو پانا، ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا اور زرعی ضروریات پوری کرنا ہے قومی آبی تحفظ کے فریم ورک کے تحت نئے ڈیموں، آبپاشی کے نظام میں بہتری، سیلاب سے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کے مو¿ثر انتظام پر توجہ دی جائے۔ اخوری آف چینل اسٹوریج ڈیم، شیوک ڈیم اور اسکردو ڈیم سمیت مجوزہ منصوبے ملک کی آبی ذخیرہ گاہوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ پانی کے منصوبوں کی کامیابی بروقت تکمیل اور پانی کی منصفانہ تقسیم سے مشروط ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پانی کی قومی حکمتِ عملی کے منصوبوں میں خصوصی اہمیت دینا ناگزیر ہے۔ صوبے کے وسیع زرعی رقبے، بارانی کاشت کاری اور زیرِ زمین پانی پر انحصار کے باعث پانی کی قلت کسانوں، غذائی تحفظ اور دیہی معیشت کیلئے سنگین چیلنج ہے۔ چھوٹے ڈیموں، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، نہری نظام کی بہتری اور جدید آبپاشی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی مسلسل فراہمی اور زرعی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی یقینی بنائیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ 50 کھرب روپے کی مجوزہ سرمایہ کاری اسی وقت قومی ترقی کا مو¿ثر ذریعہ بنے گی جب منصوبوں میں شفافیت، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور صوبائی ضروریات کو ترجیح دی جائے۔ بلوچستان میں پانی کی دستیابی بہتر بنانا محض زرعی پالیسی نہیں بلکہ غذائی خودکفالت، روزگار، غربت میں کمی اور علاقائی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے۔
