dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

دہشت گردوںو سہولت کاروں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے برطانوی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو کی مزید تفصیلات سامنے آ گئیں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک واضح اور جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک کے اندر موجود دہشت گردوں اور ان کے تمام سہولت کاروں کا خاتمہ ہے۔ پاکستان اپنی داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری کسی دوسرے ملک پر ڈالنے کے بجائے انہیں خود حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، تاہم افغانستان دہشت گردوں کا بنیادی مرکز ہے جہاں ان کی قیادت، تربیتی کیمپ اور پاکستان میں حملوں کے لیے لانچ پیڈز موجود ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کے خلاف قومی حکمت عملی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی کے علاقائی عوامل پر تفصیلی گفتگو کی۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سوچ بھارت جیسی نہیں کہ تمام داخلی مسائل کو بیرونی عوامل سے منسوب کردیا جائے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ پاکستان میں ہونے والی تمام دہشت گردی صرف افغانستان کی وجہ سے ہے، کیونکہ دہشت گردی سے متعلق بعض مسائل ایسے بھی ہیں جنہیں ملک کے اندر ہی مو¿ثر انداز میں حل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان وہ بنیادی اڈہ ہے جہاں سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ وہاں دہشت گردوں کی قیادت، تربیتی مراکز اور لانچ پیڈز موجود ہیں، جو پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کسی بڑے فوجی آپریشن کے بجائے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 200 انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتی ہیں، جن میں پولیس، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر حصہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے پاس گزشتہ 20 برس کی مسلسل جدوجہد کے باعث وسیع تجربہ موجود ہے، جو دنیا کی کسی بھی فوج یا ملک کے پاس اس نوعیت میں موجود نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے خیبرپختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ مشکلات اسی صوبے کے عوام نے برداشت کی ہیں۔ خیبرپختونخوا کے غیور عوام بہادر ہیں اور پاکستانی معاشرے کا ایک انتہائی اہم حصہ ہیں۔ پشتون اپنی روایات پر فخر کرنے والی قوم ہیں اور ان سے بہتر کوئی لوگ نہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن اور استحکام چاہتے ہیں اور وہ اس کے مکمل مستحق ہیں۔ صوبے میں کوئی بھی شخص انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا مخالف نہیں، بلکہ مخالفت صرف وہ عناصر کرتے ہیں جن کا دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایک ایسا سہولت کار موجود تھا جو انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہا تھا، تاہم اب وہ وہاں موجود نہیں۔خیبرپختونخوا میں حکومت کے خاتمے سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے اور اس کا جواب سیاستدان ہی بہتر انداز میں دے سکتے ہیں۔ تاہم جو کچھ ہم سمجھتے اور جانتے ہیں، اس کے مطابق حکومت کی تبدیلی آئینی اور قانونی ضوابط کے تحت ہوئی تھی۔بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گرد اپنے آقاو¿ں کے اشاروں پر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد صرف کان کنی کے شعبے کو ہی نشانہ نہیں بناتے بلکہ ایل پی جی ٹرکوں، اسکولوں، اساتذہ، پلوں اور ریلوے لائنوں پر بھی حملے کرتے ہیں تاکہ معاشی سرگرمیاں معطل اور ترقی کا عمل متاثر کیا جاسکے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ہر اس منصوبے اور سرگرمی کو نشانہ بناتے ہیں جو مقامی آبادی کو روزگار، معاشی خودمختاری اور خوشحالی فراہم کرسکتی ہو۔انہوں نے بلوچستان کی اشرافیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے بعض بااثر طبقات عام عوام کو غریب اور ناخواندہ رکھ کر اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول دہشت گرد اور اشرافیہ دونوں بلوچ عوام کو غربت اور پسماندگی میں رکھنے کے خواہاں ہیں تاکہ محرومی کے بیانیے کو برقرار رکھا جاسکے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور بعض اشرافیہ کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے، کیونکہ دونوں ہی صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے مخالف ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More