dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

دشت ویلی، بنجر زمینیں سرسبز کھیتوں میں تبدیل

بلوچستان کے علاقے دشت ویلی میں گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زرعی ترقی اور خوشحالی کی نئی امیدیں جنم لینے لگی ہیں۔ طویل عرصے سے بنجر اور غیر آباد رہنے والی زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے اقدامات کے نتیجے میں علاقے کے کھیتوں میں ہریالی لوٹنے لگی ہے، جس سے مقامی زراعت کو فروغ دینے اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں 3 ہزار 300 ایکڑ اراضی کو ہموار کیا گیا ہے تاکہ زرعی زمینوں تک آبپاشی کے پانی کی یکساں فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے روشناس کرانے اور فصلوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔منصوبے کے تحت شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے کسانوں کو سستی، صاف اور ماحول دوست آبپاشی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شمسی توانائی کے استعمال سے بجلی کے بھاری اخراجات میں کمی لانے اور پانی کی قلت جیسے اہم مسئلے سے نمٹنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق جدید آبپاشی کے نظام، زمینوں کی ہمواری اور جدید زرعی طریقوں کا فروغ بنجر علاقوں کو زرعی پیداوار کے مراکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔دشت ویلی کے کھیتوں میں دوبارہ لہلہاتی ہریالی گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زرعی ترقی، ماحول دوست توانائی کے استعمال اور مقامی آبادی کی معاشی خوشحالی کے لیے جاری کوششوں کی عکاس ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف کسانوں کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے بلکہ بلوچستان میں زرعی خودکفالت کے امکانات بھی روشن ہو رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More