مولانا ہدایت الرحمان کی زیر صدارت پسنی میں بلدیاتی کونسلرز کا اجلاس
امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی زیر صدارت پسنی میں بلدیاتی کونسلرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کونسلرز کی کارکردگی، شہر کی ابتر صورتحال، سیوریج، صفائی کے مسائل اور میونسپل کمیٹی کو درپیش وسائل کی کمی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے فنڈز کے غیر ضروری استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کونسلرز اور علاقے کے عمائدین کے تعاون سے پسنی سمیت حلقہ انتخاب کے بنیادی مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام کونسلرز اور عمائدین کو اخلاص، نیک نیتی اور دیانتداری کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ 14 وارڈز پر مشتمل پسنی میں اگر ایمانداری سے کام کیا جاتا تو یہ ایک مثالی شہر بن سکتا تھا، تاہم شہر کی موجودہ ابتر صورتحال کی ذمہ داری منتخب نمائندوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔اجلاس میں بابا کلینک کے قریب گٹر کے پانی اور کچرے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سڑکوں پر گٹر کا پانی چھوڑنے والوں کو قانونی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ نکاسی آب کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔چیف آفیسر عادل بشیر نے اجلاس کو بتایا کہ پسنی کی آبادی کے مقابلے میں میونسپل کمیٹی کے پاس عملہ اور مشینری انتہائی محدود ہے، جس کے باعث صفائی اور دیگر بلدیاتی امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے۔اجلاس میں چیف آفیسر عادل بشیر، وائس چیئرمین فہیم علی جوہر، وسیم صمد اور حق دو تحریک کے کونسلرز ندیم ایوب، ڈاکٹر غلام رضا، عطا شیخ اور محمد جدگال نے شرکت کی۔
