رعایتی قرضوں کی فراہمی میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، وزیر اعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) اور برآمد کنندگان کے لیے متعارف کرائی گئی رعایتی مالیاتی اسکیم پر عمل درآمد سے کسی بھی بینک کو انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایس ایم ایز کو طویل مدتی ترقیاتی قرضوں کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے عائد 80 فیصد برآمدات کی شرط ختم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری ادارے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایم ایز کو درپیش مسائل، مالیاتی سہولیات، برآمدات میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ حکومت ان کاروباری اداروں کی ترقی کے لیے سرپرستی اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی استعداد کار بڑھانے، افرادی قوت کی مہارتوں میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ اس شعبے کی ترقی سے نہ صرف صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی بلکہ ملکی برآمدات میں اضافے کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو درپیش ضابطہ جاتی مشکلات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعات کے معیار کی منظوری، متعلقہ تجربہ گاہوں کی توسیع اور دیگر انتظامی طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے تاکہ برآمدی شعبے کو درپیش رکاوٹیں کم کی جا سکیں۔انہوں نے برآمد کنندگان کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید تجربہ گاہیں قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ مصنوعات کی جانچ اور معیار کی تصدیق کے عمل میں آسانی پیدا ہو اور کاروباری اداروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کو ایس ایم ایز کے نمائندوں کے ساتھ حالیہ مشاورتی نشستوں اور ان کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشاورتی اجلاسوں کے دوران ٹیکسوں، رقوم کی واپسی، صوبائی محصولات، مصنوعات کے معیار کی منظوری، ترسیل و نقل و حمل، ادائیگیوں اور مالی معاونت سے متعلق مسائل سامنے آئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ پاکستان میں برآمدات سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی تعداد تقریباً 17 ہزار ہے، جو ملکی برآمدی شعبے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے یکم نومبر کو ایس ایم ای شعبے کے لیے قرضوں تک آسان رسائی کا آن لائن نظام متعارف کرائے جانے کے بعد اب تک 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ اس سہولت کا مقصد کاروباری اداروں کو مالی معاونت کے حصول کے عمل میں آسانی فراہم کرنا ہے۔بریفنگ کے مطابق برآمدی مالیاتی اسکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور نئے برآمد کنندگان کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ طویل مدتی ترقیاتی مالیاتی سہولت کے لیے رواں سال 350 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس کو افریقی ممالک کے لیے پاکستانی برآمدات بڑھانے کی غرض سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس حوالے سے نئی منڈیوں تک رسائی اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور مالیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنا اور برآمدات میں اضافے کے لیے مو¿ثر اقدامات کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرائ رانا تنویر حسین، احسن اقبال، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطائ اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور سردار اویس احمد خان لغاری شریک ہوئے۔اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت ذوالفقار علی بھٹی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے تجارت جاوید حنیف خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
