اپنا گھر پروگرام کے تحت 104ارب کے رہائشی قرضے جاری کر دیئے گئے، خرم شہزاد
وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت رہائشی قرضوں کی فراہمی 104 ارب روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ جون 2026 سے اب تک قرضوں کی تقسیم میں 404 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ہزاروں خاندانوں کے اپنے گھر کا خواب حقیقت میں بدلنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے باضابطہ آغاز کے صرف چھ ماہ میں کم لاگت رہائشی فنانسنگ کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی اور حکومتی وعدے عملی نتائج میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ خرم شہزاد نے بتایا کہ اکتوبر 2026 تک پروگرام کے تحت 104 ارب روپے کے رہائشی قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جن سے 17 ہزار 697 خاندان مستفید ہوئے ، اس کے علاوہ 90 ہزار 405 درخواستوں کے مقابلے میں 533 ارب روپے مالیت کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار 715 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 41 فیصد درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جون 2026 میں قرضوں کی تقسیم کا حجم 21 ارب روپے تھا جو اکتوبر کے اختتام تک بڑھ کر 104 ارب روپے ہوگیا اس طرح اس میں 404 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسی عرصے میں منظور شدہ قرضوں کی مجموعی مالیت بھی 144 ارب روپے سے بڑھ کر 533 ارب روپے ہوگئی جو 269 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ رہائشی قرضوں کی فراہمی میں یہ پیش رفت نہ صرف عام پاکستانی خاندانوں کے لیے اپنے گھر کے حصول کو آسان بنا رہی ہے بلکہ مالیاتی سہولتوں تک رسائی میں اضافے، ہاﺅ سنگ اور تعمیراتی شعبے کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں سٹیٹ بینک پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، شریک بینکوں اور وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے مالیاتی سہولتوں تک رسائی کے وژن کو وزیر خزانہ کی قیادت میں عملی شکل دینے کے لیے متعلقہ اداروں کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
