پاک روس کے درمیان جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، احسن اقبال
پاکستان اور روس نے جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے، مصنوعی ذہانت، کلاﺅڈ ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان اور روس کے درمیان آئی ٹی تعاون کے حوالے سے منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو عملی شراکت داری، سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں ممالک نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ایک دوسرے کی مہارت، تجربے اور تکنیکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں روس کی پانچ کمپنیوں کی پاکستانی اداروں کے ساتھ 16 کاروباری ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کا ہدف رکھتا ہے اور اس قومی ترقیاتی وژن میں ڈیجیٹل معیشت کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ اڑان پاکستان کے پانچ بنیادی ستونوں میں ای پاکستان بھی شامل ہے جس کے ذریعے ملک کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت اور علم پر مبنی معیشت کی جانب گامزن کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہر سال 75 ہزار سے زائد گریجویٹس تیار کر رہا ہے جو مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ قومی مصنوعی ذہانت پالیسی کے تحت 2030 تک 10 لاکھ اے آئی ماہرین تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ سات نئے مصنوعی ذہانت مراکز تحقیق، تربیت، کاروبار اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط روابط قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نادرا کے قومی شناختی نظام اور راست فوری ادائیگیوں کے پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل گورننس اور مالیاتی ٹیکنالوجی میں اہم تجربہ حاصل کیا ہے جس سے روس کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور روس کی کمپنیاں مشترکہ ٹیکنالوجی مصنوعات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تیار کرکے عالمی منڈیوں میں بھی اپنی موجودگی بڑھا سکتی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی تعاون کی حقیقی کامیابی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے مشروط ہے۔
