dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

بلوچستان اسمبلی اجلاس نئے اضلاع کے قیام پر تنازع اور گیس کے بحران پر ایوان کا احتجاج

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نئے اضلاع، ڈویژن اور ہیڈکوارٹرز کے قیام و تبدیلی سمیت صوبے میں گیس کی شدید قلت، لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے حکومت سے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے اور عوامی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ منگل کو 50 منٹ کی تاخیر سے اجلاس اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں رکن اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے نئے اضلاع اور ڈویژن بنانے پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پشین کا ہیڈکوارٹر سرانان رکھنا درست فیصلہ تھا، تاہم ہیڈکوارٹر کی تبدیلی کے معاملے پر متعلقہ نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ بلوچستان پشتون، بلوچ، ہزارہ اور دیگر اقوام کا گلدستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانوزئی کو ضلع کا درجہ دینے پر اتفاق کے باوجود تاحال نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر نے پشین ڈویژن کا ہیڈکوارٹر سرانان سے منتقل کرنے کے معاملے پر کارروائی روکنے کی رولنگ دیتے ہوئے سرانان ہیڈکوارٹر کی تبدیلی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ رکن اسمبلی اصغر ترین نے کہا کہ وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی جانب سے نئے ڈویژن اور اضلاع کے قیام سے متعلق فیصلے خوش آئند ہیں، تاہم اضلاع، ڈویژن اور ہیڈکوارٹرز کے حوالے سے اسمبلی کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج ان فیصلوں پر اعتراضات اٹھا رہے ہیں، انہیں اس وقت کیوں خیال نہیں آیا جب وہ خود کابینہ کا حصہ تھے۔رکن اسمبلی زابد ریکی نے بھی مطالبہ کیا کہ نئے اضلاع، ہیڈکوارٹرز اور ڈویژن کے قیام سے متعلق فیصلوں میں منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ اسپیکر نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایم بی آر) کو طلب کیا گیا ہے، جہاں ارکان اسمبلی اپنے تحفظات اور خدشات پیش کرسکیں گے۔ سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صرف ایک نوٹیفکیشن جاری کرنے سے ضلع نہیں بن جاتے، صوبے کے مالی وسائل اور انتظامی صلاحیت کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے پاس وسائل نہیں اور نئے اضلاع بنانے کے فیصلے کیے جا رہے ہیں اجلاس کے دوران گیس بحران پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی عبدالصمد گورگیج اصغر خان ترین صوبائی وزیر نورمحمد دومڑ ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ صوبائی وزیر میر صادق عمرانی سید ظفر آغا نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی نے گیس کے معاملے پر بلوچستان کو دھوکہ دیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود وفاقی وزیر کوئٹہ نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے اور اس کے باعث واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔ اگر دو ماہ کے لیے پنجاب کی فیکٹریاں بند کردی جائیں تو بلوچستان میں گیس کا مسئلہ حل ہوسکتا ہےصوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ بلوچستان میں گیس کی عدم فراہمی کے ساتھ بھاری بل بھی عوام کے لیے بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ صارفین کو اوور بلنگ کے ذریعے بھاری رقوم کے بل بھیجے جا رہے ہیں، جو غریب عوام کے لیے ادا کرنا ممکن نہیں۔ حکومت گیس فراہم کرے یا نہ کرے، کم از کم بلوں کے معاملے میں عوام پر رحم کیا جائے اور انہیں ریلیف دیا جائے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے گیس وسائل کو اس انداز میں لوٹا گیا کہ صوبے کی گیس پیداوار 80 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد تک آگئی ہے۔ ملک میں گیس کی قلت موجود ہے جبکہ سرحدوں سے ایل پی جی کی ترسیل کو اسمگلنگ کے نام پر روک دیا گیا ہے۔ جب تک سرحدیں نہیں کھولی جاتیں، گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعلی بلوچستان نے گیس کے مسئلے پر اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں آئندہ ہفتے سوئی گیس حکام بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے مثر میکنزم طے کیا جائے گا تاکہ صوبے میں گیس کی صورتحال بہتر بنائی جاسکے۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعہ 13 نومبر 2026 کو سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More