بی یو جے کا پی ایف یو جے کے احتجاجی کیمپ کی بھرپور حمایت، مکمل یکجہتی کا اظہار
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک میں اپنی بھر پور شرکت اور اس کی کامیابی کیلئے اپنی جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ بی یو جے قیادت نے تحریک کے آغاز پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کے احتجاجی کیمپ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے صحافیوں کے حقوق کی بجاآوری اور اظہار رائے کی آزادی کیلئے پی ایف یو جے اور کے یو جے کے شانہ بشانہ چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد رند ، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین ،کابینہ و مجلس عاملہ کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس آزادی صحافت، اظہار رائے کی آزادی ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پی ایف یو جے کی ملک گیر تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔ بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں کے یو جے کا احتجاجی کیمپ صرف کراچی یا سندھ کے صحافیوں کی نہیں بلکہ یہ ملک بھر کے صحافیوں کی آواز ہے میڈیا اداروں سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی بندش اور تاخیر سے ادائیگیاں ، پیکا ایکٹ جیسے کالے قانون کے تحت صحافیوں کے خلاف مقدمات اور گرفتاریاں صحافیوں کو اپنے منزل اور جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ احتجاجی تحریک کو مزید مثر، منظم اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں صحافیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے اور ملک بھر کے پریس کلبز، یونینز آف جرنلسٹس اس تحریک میں اپنا بھر پور حصہ ڈالے ۔ بیان میں ملک بھر کے پریس کلبز اور یو جیز سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ اس تحریک کی کامیابی کیلئے باہمی رابطے، مشترکہ مشاورت، احتجاجی سرگرمیوں کا مربوط شیڈول اور آئندہ لائحہ عمل پر اتفاقِ رائے یقینی بنائے تاکہ صحافیوں کے جائز مطالبات مثر انداز میں متعلقہ اداروں اور اربابِ اقتدار و اختیار تک پہنچائے جا سکیں۔
