dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

پاکستان اور ایران کے پارلیمانی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق، دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایران-پاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ فدا حسین مالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دوطرفہ تعاون کے فروغ، تجارتی حجم میں اضافے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پارلیمانی روابط کو وسعت دینے اور اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔ پاک ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے۔ ایران پر حملے کی مذمت کرنے والی پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی پارلیمان ہے، جبکہ پاکستانی پارلیمان نے اس حوالے سے متفقہ قرارداد بھی منظور کی تھی۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے دہشت گردی کو پاکستان اور ایران دونوں کے لیے مشترکہ چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے تجارت کے فروغ کے نئے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب، ایران اور ترکیہ سمیت علاقائی ممالک کو مشترکہ مکالمے اور تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مثالی اور مضبوط تعلقات تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ ایران اور فلسطین کے عوام کی حمایت کی ہے۔ملاقات کے دوران ایرانی پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ فدا حسین مالکی نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی امن کے قیام اور ثالثی کے لیے کوششوں کو سراہا۔فدا حسین مالکی نے اسلام آباد مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، پارلیمانی روابط بڑھانے اور دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More