مہنگے ایندھن سے ٹرانسپورٹ شعبہ مشکلات کا شکار ہے، ٹرانسپورٹرز
آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی اور دیگر عہدیداروں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے پٹرول پر فی لیٹر 80 روپے لیوی وصول کرنے کے اعتراف اور اس میں فوری کمی کے بجائے آئندہ بجٹ میں غور کرنے کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی عائد کرکے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو مسلسل معاشی دبا میں رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ کے شعبے پر پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کے آپریٹنگ اخراجات، کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور بالآخر اس کا بوجھ عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کا یہ اعتراف کہ پٹرول پر فی لیٹر 80 روپے لیوی وصول کی جارہی ہے، اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان سے بھاری ٹیکسز اور لیویز وصول کی جارہی ہیں۔ حکومت اگر خود تسلیم کررہی ہے کہ پٹرول پر اتنی بڑی رقم لیوی کی مد میں وصول کی جارہی ہے تو پھر اس میں کمی کے لیے آئندہ بجٹ تک انتظار کیوں کیا جائے؟مہنگائی اور معاشی مشکلات سے دوچار عوام اور ٹرانسپورٹرز مزید انتظار کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی ٹرانسپورٹ کا شعبہ مختلف معاشی مسائل، بڑھتے ہوئے اخراجات، ٹیکسز اور دیگر مشکلات کا شکار ہے، ایسے حالات میں پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی کی وصولی اس شعبے کے لیے مزید مشکلات پیدا کررہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ غیر ضروری مالی بوجھ کم کرکے ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرے تاکہ ٹرانسپورٹ کا پہیہ رواں رہ سکے اور عوام کو بھی مہنگائی سے کچھ نجات مل سکے۔ آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے اور عوامی و معاشی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو فروغ مل سکے۔
